خدادادصلاحیتوں سے مالا مال افراد قیمتی اثاثہ ہیں، گورنر سندھ


کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرہ میں با صلاحیت افراد کی کوئی کمی نہیں ، شعبہ ہائے زندگی میں خداداد صلاحیتوں سے مالامال افراد ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ،خالق خان ایک منفرد اور با صلاحیت کارٹونسٹ ہیں جو اپنے قلم سے معاشرہ میں پائی جانے والی نا ہمواریوں ، معاشرتی امتیازی سلوک، شخصیت کے دوہرے معیار کو کارٹون کی شکل میں پیش کر دیتے ہیں جن کو قلم سے تحریر کرنا ممکن نہیں ہوتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں معروف کا رٹونسٹ خالق خان سے ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں معروف کارٹونسٹ خالق خان نے گورنر سندھ کو ان کی بنائی گئی کلر پنسل پورٹریٹ پیش کی ۔ گورنر سندھ نے بنائی گئی پورٹریٹ کو دیکھ کر کہا کہ پورٹریٹ میں کلر کا استعمال بہت عمدہ اور عکاسی بھی بہت شاندار کی گئی ہے ، معروف کا رٹونسٹ خالق خان نے گورنر سندھ کو بتایا کہ وہ گذشتہ 27برس سے اس شعبہ سے وابستہ ہیں اور کا رٹونسٹ کی انھوں نے باقاعدہ تعلیم بھی حاصل نہیں کی ۔