مردم شماری کے دوران 27سال سے مقیم بھارتی شہری پکڑا گیا


کراچی(اسٹاف رپورٹر)مردم شماری کے دوران ستائیس سال سے کراچی میں غیر قانونی طور پر مقیم بھارتی شہری پکڑا گیا۔ ملزم ریاض کو رہائش دینے والے مالک مکان کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں مردم شماری کے دوران غیر قانونی رہائش پذیر بھارتی شہری کا انکشاف ہوا ہے، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بلدیہ ٹاؤن سے بھارتی شہری گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزم ریاض الاسلام 27سال سے کراچی میں بغیر کاغذات کے رہ رہا تھا، ملزم کے بھارتی شہری ہونے کی شناخت مردم شماری کے دوران ہوئی۔پولیس نے ملزم ریاض الاسلام کے خلاف پاکستان میں غیر قانونی طور پر رہنے اور سندھ کرایہ داری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے ہیں۔ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، پولیس کے مطابق ملزم کو رہائش دینے والے صفدر حسین کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ایس پی بلدیہ آصف رزاق نے صحافیوں کو بتایا کہ ملزم سے ابتدائی تفتیش میں کچھ اہم باتیں سامنے آئیں ہیں، بھارتی شہری ریاض الاسلام 27سال سے کراچی غیرقانونی طورپرمقیم تھا، ملزم بھارت میں اعظم گڑھ کا رہائشی ہے، بھارتی شہری نیاطراف میں مختلف فیکٹریوں میں کام کرنے کا بھی بتایا ہے۔ریاض الاسلام کے پاس کوئی شناختی دستاویز موجود نہیں ہیں، ایس پی بلدیہ نے بتایاکہ ملزم بھارت میں کسی مسجد میں امامت بھی کرتا رہا ہے، ریاض الاسلام بھارت سے لاہور آیا اور لاہورسے کراچی منتقل ہوا۔انہوں نے کہا کہ ریاض الاسلام کا خاندان بھارت میں ہے،اس کے 3 بچے ہیں، ملزم کراچی میں جس کے ساتھ مقیم تھا اسے بھی گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ایس پی بلدیہ کے مطابق ملزم سے مزیدتفتیش کیلئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔