خاتون نے عمران خان کا ہزار روپے کے نوٹ سے صدقہ اتارا
لاہور (این این آئی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ورکرز کنونشن میں آمد کے موقع پر خاتون نے ایک ہزار روپے کے نوٹ سے صدقہ اتارا۔
ورکرز کنونشن میں خواتین رہنما اور کارکن عمران خان کے ساتھ سیلفیاں بھی لیتی رہیں۔
یوٹیوب چینل سبسکرائب کرنے کیلئے یہاں کلک کریں
اس موقع پر اپنے خطاب میں پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر حکومت کو چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں شکست نہ دیتے تو وہ شریف خاندان کو”چوری کی اجازت“کا قانون بنا لیتے، وہ ہر جگہ ”مجھے کیوں نکالا“ کا شور مچا رہے ہیں، تحریک اورسیاست میں فرق ہے، ہماری تحریک نیا پاکستان بنانے کی ہے، کرپٹ مافیا ملک پرقبضہ کرکے بیٹھا ہے، اگرلیڈرشپ پیسہ چوری کرے تو قوم غریب ہوجاتی ہے، انصاف کے ادارے مضبوط ہونے سے قوم ترقی کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ادارے مضبوط اور انسانوں پر پیسہ خرچ کرنے والی قومیں ترقی کرتی ہیں، موسولینی نے اقتدار میں آکر الیکشن جیتے، ہٹلر نے اقتدار میں آکر اداروں پرقابو پا لیا تھا، ڈیموکریٹک ڈکٹیٹرشپ، ملٹری ڈکٹیٹرشپ سے زیادہ خطرناک ہوتی ہے۔ بمباری کرنے سے نہیں ادارے خراب کرنے سے ملک تباہ ہوجاتا ہے۔ باپ، بیٹی "ہمیں کیوں نکالا" کا رونا دھونے پرلگے ہیں۔ ہم نے سینیٹ میں ان کوشکست دی ورنہ شریف خاندان کو "چوری کی اجازت" کا قانون بنالیتے۔
پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب میں میٹرو بنا دی اور ہسپتالوں کی حالت سب کے سامنے ہے، ملتان میٹرو میں 60 ارب لگا دیئے اور کوئی سفر ہی نہیں کرتا، ملتان میٹرو صرف پیسہ بنانے کے لیے بنائی گئی۔ مجھے کیوں نکالا کے بعد اب شہبازشریف کی تصویریں لگاتے ہیں، یہ ہے ان کا ڈیویلپمنٹ ماڈل۔ خیبرپختونخوا میں بہترین پولیس، ہسپتال اور تعلیم کا نظام ہے۔ ہم نے ساڑھے چارسالوں میں خیبرپختونخوا پولیس کو ادارہ بنادیا۔اگلے چھ ماہ میں ملک بدل جائے گا اور پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔