تعلیمی ادارے دہشت گردوں کا ہدف بن چکے،پروفیسر اقبال چوہدری

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی نے جمعرات کو شہدائے باچا خان یونیورسٹی کے ایصالِ ثواب کے لئے قرآن اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا جس میں ملازمین، طلبہ و طالبات اور اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے باچا خان یونیورسٹی میں معصوم انسانی جانوں کے نقصان پرشدید افسوس اور گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ طلبہ و طالبات اور اساتذ دھشت گردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستہ کی صورت اختیار کرچکے ہیں، انھوں نے کہا کہ پاکستانی تعلیمی ادارے دھشت گردوں کا ہدف بن چکے ہیں، اب وقت آچکا ہے کہ پاکستانی تعلیمی اداروں میں طالب علموں کی ازہان سازی کی جائے اور اُن کو خصوصی طور پر آگاہ کیا جائے کہ پاکستان اُن کی اولین ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے، انھوں نے کہا ہر تعلیمی سطح پر طالب علموں کو یہ باور کروانا چاہیے کہ اسلام نہ صرف ایک امن پسند دین ہے بلکہ یہ دیگر ادیان کی حرمت کا بھی قائل ہے، ہمارے طالب علموں کو یہ بات زہن نشین کرلینی چاہیے کہ اسلام کا کسی بھی دھشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ قرآن خوانی کے اختتام پر شہداء کی بلندئ درجات کے لئے خصوصی دعا کروائی گئی۔