ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز بجٹ اہداف کاحصول یقینی بنائیں،سیکرٹری تعلیم

پشاور(پاکستان نیوز)خیبرپختونخوا کے سیکرٹر ی ایلیمنٹر ی اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن افضل لطیف نے تمام ڈی ای اوز کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ ہر صورت حکومتی ہدایات کے مطابق بجٹ اہداف کاحصول یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت کا مظاہر ہ نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ کا جائزہ اجلاس سہ ماہی کی بجائے ماہانہ بنیادوں پرہوگااوراہداف کے حصول میں ناکام افسرا ن کے خلاف متعلقہ قانون کے تحت کاروائی ہوگی۔یہ ہدایات انہوں نے پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں بجٹ اہداف کے حصول سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اس موقع پر دوسروں کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم قیصر عالم ،ڈائریکٹر تعلیم رفیق خٹک اور میل وفیمیل ای ڈی اوز نے بھی شرکت کی ۔اجلاس میں صوبائی اورضلعی سطح کے بجٹ کے بارے میں سیکٹر وائز کارکردگی پیش کی گئی ۔اجلاس کو یقین دلایا گیا کہ جون 2016 تک مطلوبہ بجٹ اہداف حاصل کردئیے جائیں گے۔سیکرٹری تعلیم نے کہا کہ اب صوبائی کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ لیول کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیاجائے گا اوراس کے لئے باقاعدہ طورپر ڈسٹرکٹ رپورٹ کارڈ تیارکیاگیاہے ۔انہوں نے محکمے کے حکام پرزوردیا کہ وہ حکومت کی نئی تعلیمی پالیسی پر من وعن عمل درآمد یقینی بنائیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اگربجٹ اہداف کے حصول میں کسی بھی مرحلے پرکسی مشکل کاسامنا ہوتو ان کے نوٹس میں لائیں تاکہ بروقت ازالہ ہوسکے۔