مزار قائد کے نزیک سرکاری اسکول 6سال سے بجلی سے محروم

کراچی (رپورٹ: راجہ عمران)کراچی کے علاقے نمائش چورنگی پر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار کے قریب واقع سرکاری اسکول گزشتہ 6سال سے بجلی سے محروم ہے ۔ گرمی کی شدت سے طلباء نے اسکول آنا چھوڑ دیا۔ اعلیٰ حکام کو متعدد مرتبہ شکایات ارسال کیے جانے کے باوجود کوئی اقدام نہیں کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق اسلامیہ کالج بلڈنگ میں واقع قریشی اسکول کا بل 4000 ہزار تھا، جومتعلقہ انتظامیہ نے ادا نہیں کیا، جس پر K الیکٹرک نے بجلی منقطع کردی۔ گذشتہ 6 سال سے قریشی گورنمنٹ ہائی اسکول بغیر بجلی اور پانی بچے علم کے حصول کیلئے آتے ہیں اور شدید گرمی کے باعث کئی بچے بیہوش بھی ہوچکے ہیں، اس ضمن میں ہیڈ ماسٹر وسیم الدین نے روزنامہ پاکستان سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ میں اس حوالے سے متعدد بار اعلیٰ حکام کو آگاہ کرچکا ہوں۔ البتہ ابھی تک کوئی شنوائی نہیں ہوئی اور دوسری جانب بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ہر سال اسکول سے بچے کم ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ 4 ہزار کا بل تھا جوکہ اب ادا نہ کرنے کی وجہ سے ایک لاکھ سے زیادہ ہوچکا ہے جبکہ 2010ء سے ابھی تک اسکول کے بچے بغیر بجلی اور پانی کے تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ اسکول میں 250 کے قریب طالب علم ہیں جبکہ 20 سے 25 اساتذہ بھی شدید گرمی میں اپنے فرائض انجام دیتے ہیں۔