کراچی(اے این این ) رینجرز نے کراچی میں تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے ایپلی کیشن متعارف کرادی ،سافٹ ویئر کے ساتھ پٹرولنگ پر موجود رینجرز کی تمام موبائلز کو منسلک کر دیا گیا ، کسی نا گہانی صورت حال میں رجسٹرڈ تعلیمی ادارے کا سربراہ ایک ایس ایم ایس بھیجے گا جو سسٹم سے منسلک ہر فرد کو موصول ہو جائے گا،تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد شہر کی اہم تنصیبات، شاپنگ مالز، ہسپتالوں اورصحافتی اداروں کوبھی اس سسٹم میں لایا جائے گا۔ گزشتہ روزمشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رینجرز کے کرنل قیصر نے کہا کہ شہر میں تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے ایک سافٹ ویئر ایپلی کیشن متعارف کرا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کیلئے3سیکٹر کنٹرول سسٹم نصب کئے گئے ہیں جو اس سافٹ ویئر سے منسلک ہیں، 15مقامات پر ونگ لیول پر کنٹرول سسٹم بھی نصب کئے گئے ہیں جو فوری رسپانس سسٹم کے تحت کام کرتے ہیں اور ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سافٹ ویئر میں کراچی کے نقشے کو ڈال کر شہر کے تعلیمی اداروں کو مخصوص کیا گیا ہے ۔اس سسٹم کے تحت اب تک شہر کے 3 ہزار اسکول اور کالجز کو جسٹرڈ کیا جا چکا ہے جس میں تمام سکولوں کا نام، پتہ، ٹیلی فون نمبر سربراہ کا نام اور دیگر اہم معلومات درج ہیں۔ اس کے علاوہ اس سافٹ ویئر کے ساتھ پٹرولنگ پر موجود رینجرز کی تمام موبائلز کو بھی منسلک کر دیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسکولوں کی سیکیورٹی کے نظام کو موثر بنانے کے لئے کراچی کو 60 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر ایک حصہ کو اس کے علاقے کی مناسبت سے ذمہ داری دی گئی ہے تاکہ بہتر سے بہتر نتائج حاصل ہو سکیں۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی نا گہانی صورت حال میں رجسٹرڈ تعلیمی ادارے کا سربراہ ایک ایس ایم ایس بھیجے گا جو سسٹم سے منسلک ہر فرد کو موصول ہو جائے گا، اس کے علاوہ وہ اس ایس ایم ایس رینجرز کے کمپنی کمانڈرز، سیکٹر کماندڑز اور ونگ کمانڈرز کے موبائل پر بھی موصول ہو گا جو پٹرولنگ پر موجود موبائل کو فوری مدد کے لئے حکم دیں گے۔ ابتدائی طور پر اس سسٹم میں شہر کے 3 ہزار اسکول اور کالجز کو ڈالا گیا ہے جب کہ باقی ماندہ تعلیمی اداروں کو بھی اس سسٹم میں لایا جائے گا۔ جو تعلیمی ادارے ابھی تک رینجرز کے سسٹم کا حصہ نہیں بنے ہیں ان کی انتظامیہ سے گزارش ہے کہ اپنے قریبی رینجرز سیکٹر سے رابطہ کر کے خود کو رجسٹرڈ کرائیں تاکہ ان اداروں کی سکیورٹی بھی یقینی ہو سکے۔کرنل قیصر نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لئے اس سسٹم کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا، تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد کراچی کی اہم تنصیبات، شاپنگ مالز، ہسپتالوں اور میڈیا ہاؤسز کو اس سسٹم میں لایا جائے گا۔ اس موقع پر مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ رینجرز کی یہ کوشش قابل ستائش ہے اور یہ بھی ایپکس کمیٹی میں طے پانے والے معاملات کا حصہ ہے۔
You are subscribed Successfully