لاہور(سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر لاہور بورڈ کے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو انگریزی کا پرچہ آؤٹ کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزمان کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو انگریزی کا پرچہ آؤٹ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔ آر پی او سرگودھا کی سربراہی میں تفتیشی ٹیم نے 3 افراد کو پرچہ آؤٹ کرنے کا ذمہ دار قرار دیا ،جس پر پرچہ آؤٹ کرنے والے ملزمان گورنمنٹ ہائی سکول غازی آباد کے سینئر سبجیکٹ ٹیچر محمد عمران ، ایک اکیڈمی کے مالک نزاکت علی اورذکاء الرحمن گرفتار کرکے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔