پنجاب کے میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ


لاہور(خبرنگار) پنجاب کے میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ گزشتہ روز(اتوار) کو روزیونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام ہوا۔ٹیسٹ کیلئے لاہور سمیت صوبے کے 13شہروں میں 27امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے۔ پنجاب بھر سے مجموعی طور پر56272 امیدواروں نے ٹیسٹ میں شرکت کی جن میں 36542 طالبات جبکہ 19730 طلبہ شامل تھے۔5000سے زائد عملے نے نگرانی کے فرائض انجام دیے۔ لاہور میں 7امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے جن میں لارنس روڈ پر بورڈ کے ایگزامینیشن ہالز، وحدت روڈ پر پنجاب یونیورسٹی کے امتحانی ہالز، گورنمنٹ کمپر ی ہنسوو گرلز ہائی سکول وحدت روڈ، یونیورسٹی آف ایجوکیشن ٹاؤن شپ، گونمنٹ سنٹرل ماڈل سکول لوئر مال ، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج فار ویمن سمن آباد اور لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی جیل روڈ شامل تھے۔ جہاں بدانتظامی کی انتہا دیکھنے میں آئی جس سے طلباء و طالبات اوروالدین کو شدید پریشانی سے دوچار ہونا پڑا اور ٹریفک کا نظام دن بھر متاثر رہا ہے۔ ٹیسٹ صبح نو بجے شروع ہوا اور 12بجے اختتام پذیر ہوا۔ یو ایچ ایس کی ہدایت کے مطابق امیدوار صبح 6بجے سے ہی امتحانی مراکز پہنچنا شروع ہوگئے۔ ٹیسٹ کے موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات دیکھنے میں آئے۔ تمام امتحانی مراکز میں پولیس اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد صبح سویرے سے ہی موجود تھی۔ اس کے علاوہ شہری دفاع کے رضاکار ،میڈیکل سٹاف اور فائر بریگیڈ کا عملہ بھی موقع پر موجود تھا۔ لاہور کے سات امتحانی مراکز میں مجموعی طور پر 16790امیدواروں نے ٹیسٹ دیا جن میں سے 11155طالبات اور 5635طلبہ تھے۔ امیدواروں نے انٹری ٹیسٹ کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔حکومت پنجاب کی ہدایت پر سینئر بیوروکریٹس اور اعلیٰ انتظامی افسران نے ٹیسٹ کی نگرانی کی۔ لاہور میں سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر علی جان خان، سیکرٹری ایل اینڈ سی ڈی اسلم کمبوہ، سیکرٹری ایم پی ڈی ڈی ندیم ارشاد کیانی، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کیپٹن ریٹائرڈ نسیم نواز، سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ بشریٰ امان، سی ای او پنجاب ایگزامینشن کمیشن ناصر اقبال ملک، سیکرٹری لیٹریسی ڈاکٹر نوید احمد چوہدری، ڈی جی انڈسٹریز خالد سلیم، پی ڈی ، پی ایچ ایس پی ار محمد خان رانجھا، ڈی سی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان سمیت اعلیٰ سرکاری افسروں نے انٹری ٹیسٹ کے انتظامات کی نگرانی کی۔لاہور کی طرح پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی انٹری ٹیسٹ پرُ امن طریقے سے منعقد ہوا اور کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ فیصل آباد سے5742، ساہیوال سے 2911، ملتان سے8097، بہاولپور سے2649، رحیم یار خان سے1813، سرگودھا سے2246، راولپنڈی سے7204، حسن ابدال سے410، گجرات سے1546 ، گوجرانوالہ سے 3188 ، سیالکوٹ سے1728جبکہ ڈی جی خان سے1948امیدواروں نے ٹیسٹ دیا۔تمام سینٹرز پر امتحان کے دوران بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے جنریٹرز کا انتظام کیا گیا تھا جبکہ حادثات یا طبیعیت کی خرابی کی صورت میں محکمہ صحت کا عملہ اور ایمبولینس کی سہولت بھی فراہم کی گئی تھی۔ اس سال بھی انٹری ٹیسٹ میں سیلف سکورنگ سسٹم کو برقرار رکھا گیا ہے اور طلبہ اپنی جوابی کاربن کاپی کے ذریعے جوابی کلید کی مدد سے اپنا سکور خود معلوم کرسکتے ہیں ۔