حکومتکم وسیلہ لوگوں کے لئے تعلیم کی سہولتیں فراہم کرنے کو ترجیح دے ، حمیدہ وحیدالدین


الاہور ( جنرل رپورٹر) وزیر برائے ترقی خواتین حمیدہ وحید الدین نے کہا کہ حکومت معاشرے کے تمام طبقات خصوصاً کم وسیلہ لوگوں کے لیے تعلیم کی سہولتیں فراہم کرنے کو ترجیح دے رہی ہے تاکہ مستحق اور ہونہار طلبہ کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کیا جاسکے۔وہ گزشتہ روز گورنمنٹ پوسٹ گرایجویٹ کالج منڈی بہاؤالدین میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کررہی تھیں ڈی سی او مظفر خان سیال، ڈی پی او سید جنید ارشد، گوجرانوالہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے سیکرٹری سید جواد حیدر شیرازی اور دیگر بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ چھ سال کے دوران شعبہ تعلیم کی ترقی اور ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے بجٹ میں خطیر رقم مختص کی ہے۔
جو تعلیم کے لیے مختص بجٹ کا 26.25فیصد ہے۔ حمیدہ وحید الدین نے کہا کہ طلبہ کو جدید ترین تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے3.50ارب روپے کی مالیت کے لیپ ٹاپ میرٹ پر دئیے جارہے ہیں۔ جدید تعلیم کی سہولتوں تک رسائی سے نہ صرف طلبہ کی تعلیم میں دلچسپی بڑھے گی بلکہ اس سے دور دراز کے سکولوں میں ڈراپ آؤٹ ریٹ بھی کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ سکیم سے صوبہ پنجاب میں ایک لاکھ ہونہار طلبہ و طالبات مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے کہ آج طالبات نے طلبہ کے مقابلے میں زیادہ لیپ ٹاپ حاصل کئے ہیں۔ انہوں نے طالب علموں پر زور دیا کہ وہ اپنا تمام تر وقت تعلیم کے لیے صرف کردیں اور پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کردیں۔