عالمی چیلنجز کامقابلہ کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کاحصول ناگزیر ہے، راغب نعیمی


لاہور(سٹاف رپورٹر) جامعہ نعیمیہ کے زیر اہتمام 2سالہ انگلش ایکسس سکالرشپ کورس کے اختتام پرتقریب تقسیم اسناد و انعامات گزشتہ روز ڈاکٹر سرفراز نعیمی شہیدانسٹیٹیوٹ آف پیس ،ایجوکیشن اینڈ ریسرچ میں منعقد ہوئی۔تقریب میں معروف مذہبی اسکالر جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ راغب حسین نعیمی،مہمان خصوصی محمد اقبال کواڈینیٹرسپوکن انگلش پروگرام ،وزیر انڈسٹری و تجارت چودھری محمدشفیق ، مسٹرگلریز قادر،پیر فاروق امیر نعیمی،مفتی بلال فاروق نعیمی،مسزاسمہ ،مسزثناء ،میڈم فرحین ،سمیت طلباء نے شرکت کی۔طلباء نے مختلف خاکوں کے ذریعے انگلش زبان میں مہارت کا اظہار کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ممتاز عالم دین جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ راغب حسین نعیمی نے کہاکہ عالمی چیلنجز کامقابلہ کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کاحصول ناگزیر ہے۔ قدیم علوم کیساتھ جدید علوم کو فروغ دے کر مدارس کو دنیا کی توجہ کامرکز بنایاجاسکتا ہے۔دانشور اور مذہبی سکالر زاسلام کے حقیقی تعلیمات کوفروغ دینے کیلئے اپنا کردار اداکریں۔انسانیت کی بقاء کیلئے بین المذاہب آہنگی کافروغ وقت اہم ترین ضرورت ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر انڈسٹری و تجارت چودھری محمد شفیق نے کہا کہ نوجوان نسل ملک وقوم کاقیمتی سرمایہ ہے۔وطن عزیزکوبحرانوں سے نکالنے کیلئے دنیاوی او ر دینی علوم کے حامل افراد کو آگے لانا ہوگا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی محمداقبال نے کہا جدید زرائع ابلاغ کے بڑھتے ہوئے استعمال کے ساتھ دنیا عالمی زبانوں سے بھی آشنائی ضروری ہے ۔گزشتہ کئی سال سے پاکستان میں 2سالہ انگلش ایکسس سکالرشپ کورس کاانعقاد کیاجارہا ہے۔جس میں ڈیرہ غازی خان،مظفر گڑھ،ملتان،لاہورسمیت کئی اضلاع شامل ہیں۔اب تک 4000 ہزار سے زائد طلباء وطالبات مستفید ہوچکے ہیں۔تقریب کے اختتام جامعہ نعیمیہ کے طرف سے علامہ راغب حسین نے مہمان گرامی کوشیلڈپیش کیں اورطلباء میں انعامات و اسناد تقسیم کی گئیں۔