لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے مستحق بچوں کی میٹرک تک مفت تعلیم کے منصوبے \"فاؤنڈیشن ایسسٹڈ سکول\"سے منسلک سکولوں کی مالیاتی امور کے بارے میں تربیتی پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد پارٹنر سکول مالکان و پرنسپل حضرات کو اپنے سکولوں کے مالیاتی ریکارڈ مرتب کرنے کی تربیت دینا ہے۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے کانٹی نیوس پروفیشنل ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت لاہور ، قصور، اوکاڑہ اور شیخوپورہ کے 14پارٹنر سکولوں کی دوروزہ تربیتی ورکشاپ گزشتہ روز ایک مقامی کالج میں اختتام پذیر ہو گی۔ ورکشاپ میں پارٹنرسکول مالکان و پرنسپل حضرات نے شر کت کی ۔ اس موقع پر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی ڈائریکٹربشری سعید خان نے شرکاء کو بتایا کہ پارٹنر سکولوں کا معیار تعلیم بہتر بنانے کے لیئے ٹیچرز ٹریننگ کے مربوط پروگرام پر عمل در آمد جاری ہے۔اس مقصد کے لیئے شعبہ تعلیم میں سر گرم مستند تربیتی اداروں کا تعاون بھی حاصل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس تربیتی پروگرام سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے پارٹنر سکولوں کو خصوصی فائدہ پہنچاہے ۔ ورکشاپ میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر ناصر منیر ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ساجد قمر اور آفیسر مریم مبین کے علاوہ ٹرینرز ثاقب نواز اور دلاور حسین نے بھی شرکت کی۔