لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے چولستان کے 75کمیونٹی سکولوں کی خواتین اساتذہ کی تعلیمی استعداد بہتر بنانے کیلئے تربیتی ورکشاپس کا آغاز کر دیا ہے اس تربیتی پروگرام کا مقصد چولستان میں فروغ تعلیم کے ساتھ ساتھ معیار تعلیم کو بہتر بنانا ہے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق پیف کے شعبہ کانٹی نیوس پروفیشنل ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت منعقدہ دوروزہ تربیتی ورکشاپ گزشتہ روزختم ہوگئی اس موقع پر شرکاء کو جدید تعلیمی تصورات کے بارے میں لیکچرز دیے گئے ترجمان نے واضح کیا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے چولستان میں قائم کمیونٹی سکولوں کا ’’نیو سکول پروگرام ‘‘ کے تحت انتظام سنبھال کر 5258طالب علموں کی مفت تعلیم کا آغاز کر دیا ہے پیف کی پارٹنر شپ میں آنے کے بعد ان سکولوں کی اساتذہ کی تربیت کے منظم میکنزم کے تحت کپیسٹی بلڈنگ بھی کی جارہی ہے۔اختتامی تقریب میں رکن قومی اسمبلی پروین مسعود بھٹی مہمان خصوصی تھیں انہوں نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے چولستان میں مفت تعلیم کا منصوبہ شروع کرنے پر وزیر اعلی شہباز شریف کا شکریہ ادا کیااس موقع پر وفاقی وزارت انسانی حقوق کی ریجنل ڈائریکٹر لبنی مقصود بھی موجود تھیں۔ آخر میں شرکاء میں سر ٹیفیکیٹس تقسیم کئے گئے۔