پنجاب ایجوکیشن فاﺅنڈیشن غریب بچوں کو مفت تعلیم دے رہی ہے،انجینئر قمر الاسلام


لاہور ( ایجوکیشن رپورٹر) چیئر مین پنجا ب ایجوکیشن فاﺅنڈیشن وچیف منسٹر سپیشل سیل انجینئر قمر الاسلام راجہ نے کہا ہے کہ اساتذہ اس مقدس جماعت کا حصہ ہیں جسے اللہ نے اپنے انبیاءؑ کی سنت پر عمل کرنے کے لیے منتخب کیا ہے اور انھیں اس انتخاب کے تقدس اور اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے فرائض اس طرح سر انجام دینے چاہیے ۔ جس سے معاشرے میں علم کا نور پھیلے اور ہمارے طالب علم اس نور کی روشنی سے توانائی حاصل کرکے پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنائیںان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول باغ سرداراں میں اساتذہ کی تربیتی ورکشاپ کے اختتام پرتقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب ایجو کیشن فاﺅنڈیشن صوبے میں بے وسیلہ اور سماجی ومعاشی پسماندگی کا شکار گھرانوں کے لاکھوں بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم مہیا کررہی ہے ۔ اس وقت صوبے میں سولہ لاکھ سے زائد طالب علم پنجاب ایجوکیشن فاﺅنڈیش کے تعاون سے پرائیویٹ سکولوں میںتعلیم حاصل کر رہے ہیں ، نہ صرف انکی فیس بلکہ درسی کتب بھی فاﺅنڈیشن کی طر ف سے فراہم کی جا رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئی صوبائی حکومت اپنے بجٹ کا 26 فیصد سے زائد حصہ تعلیم پر خرچ کر رہی ہے۔