انجینئرنگ یونیورسٹی میں پہلی بار کتاب میلہ شروع،فیکلٹی اور طلبہ کی بھرپور شرکت

 لاہور(ایجوکیشن رپورٹر ) یوای ٹی کی تاریخ میں پہلی بار کتاب میلے کا آغاز ہو گیا،نیشنل لائبریری آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے زیر اہتمام دوروزہ کتاب میلہ کا وائس چانسلر ڈاکٹر فضل احمد خالدنے افتتاح کیا ۔ نیو آڈیٹوریم میں منعقدہ کتاب میلے میں سٹوڈنٹس، فیکلٹی ممبران کی بڑی تعداد شریک ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کہا کہ کتاب ہماری سب سے اچھی دوست ہے کتاب میلے لوگوں میں پڑھنے کی عادت اور حوصلہ پیدا کرتے ہیں ،کتابیں پڑھنے کی عادت ثقافت، تعلیم، اور علم کو پھیلانے کے لئے ایک آلہ ہے کتاب شخصیت کو بناتی‘ سجاتی‘نکھارتی اور سنوارتی ہے‘ کتاب کے بغیر علم و دانش کا حصول ممکن نہیں۔ اس کے ساتھ کتاب تنہائی کی بہترین رفیق اور ساتھی بھی ہے ہمیں جدید ٹیکنالوجی کی اہمیت سے انکار نہیں اس نے گھنٹوں اور دنوں کا کام منٹوں میں کرکے ہمارے لئے بے شمار سہولتیں اور آسانیاں پیدا کی ہیں اور دنیا کوایک گلوبل ولیج بنا دیا ہے۔ مگر ہمارے ہاں اس کی افادیت کو قباحت بنا دیا گیا ہے         جس سے کتاب کا کلچر بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ جبکہ یورپ اور دیگر ترقی یافتہ ممالک میں ایسا نہیں ہے جہاں سے جدید ٹیکنالوجی ہمارے ہاں آئی ہے وہاں آج بھی کتاب دوستی عروج پر ہے وہاں ایک ایک کتاب کے لاکھوں ایڈیشن شائع ہو کر فروخت ہوتے ہیں جبکہ ہمارے ہاں اہم سے اہم کتاب کی اشاعت بھی ایک ہزار سے زائد نہیں ہوتی اور ان میں سے بیشتر کتب تحفہ میں بانٹ دی جاتی ہیں۔ لاہور کتابوں کا شہر ہے جہاں ملک کی80 فیصد کتابیں شائع ہوتی ہیں۔ ہمیں لاہور کے علمی اور ادبی ماحول سے فائدہ اٹھانا چاہیے ۔ کتاب میلے میں انجینئرنگ سائنسز، مینجمنٹ، انگریزی اردو ادب، سوشل سائنسز، اسلامک اسٹڈیز اور تحقیق جیسے اہم موضوعات پر 50 ہزار کتابوں کو اس کتاب میلے میں دستیاب ہیں. تمام کتابوں پر 10 سے 50 فیصد رعایت دی جارہی ہے ۔. وائس چانسلر نے بک اسٹالز کا دورہ کیا. طالب علموں کی ایک بڑی تعداد کتاب میلے سے مستفید ہورہی ہے۔اس موقع پر ڈین مکینکل ڈاکٹر فیاض حسین شاہ ،چیف لائبریرین ڈاکٹر اعجاز معراج، رجسٹرار محمد آصف سمیت شعبہ جات کے سربراہ اور سینئر فیکلٹی ممبران موجود تھے۔دریں اثناء آج یوای ٹی اے ایس ایم سوسائٹی کے زیر اہتمام18 فروی کو یوای ٹی اسٹیڈیم میں کتاب میلے کے آخری روز ریڈ اینڈ رائز تھیم کے تحت سکائی لینٹرز کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔ اس رنگا رنگ تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر ہوں گے جبکہ اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔