پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے منصوبوں کا دائرہ کار بڑھائنگے،رانا ارشد

 لاہور ( خبرنگار) پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن و کلچر رانا محمد ارشدنے کہا ہے کہ سکول انرولمنٹ کے اہداف کے حصول کے لیئے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مفت تعلیم کے منصوبوں کا دائرہ کار مزید بڑھایا جا رہا ہے تاکہ کوئی بچہ ناخواندہ نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف کے ایجوکیشن سیکٹر ریفارم پروگرام کے تحت صوبے میں تعلیم کے فروغ کے لئے اقدامات کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ سکولوں میں طالبعلموں کی حاضری بڑھانے پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی کوشش ہے کہ 2018تک پنجاب میں کوئی بچہ سکول سے باہر نہ رہے ۔ اس حوالے سے پنجاب سکول ریفارم پروگرام کے نئے اہداف مقرر کئے گئے ہیں اور 18پوائنٹس پر مبنی نئے روڈ میپ پروگرام پر عمل در آمدسے صوبے میں ہر بچہ کی تعلیم تک یکساں رسائی ہو گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی طرح پارٹنر سکولوں کے اساتذہ کے جدید خطوط پر تربیت سے اعلی تربیت یافتہ اساتذہ کا پول دستیاب ہو گاجس سے کوالٹی ایجوکیشن کے حصول میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ہر مستحق بچے کو مفت اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیئے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے مفت تعلیمی ماڈلز متعارف کروائے ہیں ۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر مبنی ان تعلیمی منصوبوں سے 16لاکھ مستحق طلبا ء و طالبات کو گھروں کے نزدیک مفت تعلیم کی سہولتیں میسر آئی ہیں۔