پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بورڈآف ڈائریکٹرز کی تعیناتی چیلنج

 لاہور(نامہ نگار خصوصی)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بورڈ�آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی گئی، ایم این اے سائرہ افضل تارڑ، رانا افضل، ایم پی اے انجینئر قمر الاسلام راجہ سمیت بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل 7پبلک آفس ہولڈرز قانون کی خلاف ورزی ہے اسے کالعدم کیا جائے۔چودھری شعیب سلیم ایڈووکیٹ کی طرف سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ایکٹ کے تحت بورڈ آف ڈائریکٹرز میں تعلیمی ماہرین سمیت پرائیویٹ افراد شامل ہو سکتے ہیں اور کسی پبلک آفس ہولڈر کو بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل نہیں کیا جا سکتا تاہم پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے موجودہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 8ممبروں میں 7 ممبرز پبلک آفس ہولڈر ہیں جن میں مسلم لیگ (ن) کے 2 ایم این ایز سائرہ افضل تارڑ اور رانا افضل، مسلم لیگ (ن) کے ہی ایم پی اے انجینئر قمر الاسلام راجہ، پارلیمانی سیکرٹری برائے وزیر اعلیٰ افضال بھٹی، خاتون محتسب پنجاب میرا فیلبوس، چیئرمین پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ امجد ثاقب اور چیئرمین پنجاب ایگزامینیشن کمیشن ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی شامل ہیں، درخواست گزار کے مطابق مذکورہ تمام پبلک آفس ہولڈرز کو قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیاسی بنیادوں پر بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل کیا گیا ہے۔