فلم’’بن روئے ‘‘کی پریس کانفرنس ، عید پر ریلیز کا اعلان

epaper


لاہور(فلم رپورٹر) فلم’’بن روئے ‘‘کی پریس کانفرنس کا اہتمام گزشتہ روزکیا گیاجس میں صحافیوں کو فلم کے نمایاں ستاروں سے ملنے کا موقع فراہم کیا گیا۔ پریس کانفرنس میں پاکستانی تفریحی صنعت کی قدآور شخصیات ماہرہ خان ‘ ارمینا رانا خان ‘ ہمایوں سعید،جاوید شیخ اورشہزاد کاشمیری سمیت دیگر فنکاروں نے شرکت کی۔ ’’بن روئے‘‘ کی کہانی معروف لکھاری فرحت اشتیاق کے کثیر الاشاعت رومانوی ناول بن روئے آنسو سے ماخوذ ہے ‘اس فلم کی ڈرامائی تشکیل پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے شہزاد کاشمیری نے کی ہے۔ فلم کے نمایاں ستاروں میں جاوید شیخ‘ زیبا بختیار اور عذرا منصور شامل ہیں ‘جبکہ باصلاحیت اداکارعدیل حسین‘ جنید خان‘ فائزہ حسن اور شیریں زاہد نے بھی فلم میں مختصراً اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے ۔ فلم میں کئی گانے بھی شامل ہیں ‘جن میں سے دو گانوں کی ہدایات عاصم رضا اور سرمد سلطان نے دی ہیں ۔پریس کانفرنس میں ماہرہ خان ‘ہمایوں سعید اور جاوید شیخ سمیت دیگر فنکاروں نے حاظرین کو اپنے تجربات سے آگاہ کیا اور کہا کہ فلم بن روئے جدید پاکستانی سنیما کے لئے ایک نیا سنگ میل ثابت ہوگی ۔معاشرے کے رسوم و رواج کی عکاسی کرتی یہ فلم عید الفطر پر پیش کی جائے گی۔ فلم بن روئے کی کہانی تین مرکزی کرداروں اور اُن کی محبت کے گرد گھومتی ہے ۔فلم میں پیش کئے جانے والے کئی دلچسپ موڑ اور دوراہے دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیں گے۔پریس کانفرنس میں فلم کی جھلکیاں بھی دکھائی گئیں۔



جس کے بعد صحافیوں کو سوال و جواب کا موقع فراہم کیا گیا۔’’بن روئے ‘‘کی ہدایتکار اور کو پروڈیوسر کا کہنا تھا کہ بن روئے آنسو ناول پڑھنے والوں کواس فلم میں کئی نئے اور دلچسپ موڑ دیکھنے کو ملیں گے۔ اداکارہ ماہرہ خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انھوں نے اس فلم کے لئے انتھک محنت کی ہے اوروہ ’’بن روئے ‘‘کی نمائش کا شدت سے انتظار کر رہی ہیں۔اداکار ہمایوں سعید کا اس موقع پر کہنا تھا کہ فلم ’’بن روئے‘‘ ایک مکمل رومانوی ڈرامہ ہے جو عید کی مناسبت سے عوام کے لئے ایک تحفہ ہے۔