لاہور(کامرس رپورٹر)آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین کے مرکزی جنرل سیکرٹری خورشید احمد اور نائب صدر ساجد کاظمی نے کہا ہے کہ پاکستان میں والدین کی غربت سے 49 فیصدی بچے تعلیم سے محروم ہیں اور 51 فیصدی بچے پرائمری سے آگے تعلیم حاصل نہیں کرسکتے۔ پاکستان میں حکومت کی جانب سے تعلیم کیلئے مختص کی جانے والی رقم جنوبی ایشیاء میں سب سے کم ہے پاکستان کی تعمیر وترقی کے لئے ملک میں دوہرا تعلیمی نظام رائج ہے ۔ گزشتہ روز بختیار ہال میں بختیار میموریل کمپیوٹر ٹریننگ سنٹرمیں چھ ماہ کمپیوٹر کے ڈپلومہ کورس طلباو طالبات میں تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے یونین رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ہمارے مستقبل کے معمار ہیں ریاست کی جانب سے ہر بچے وبچی کو یکساں بامقصد مفت تعلیم وہنر کی سہولت کی فراہمی سے پاکستان کی تقدیر تبدیل ہوسکتی ہے۔ نوجوان طالب علموں کو اﷲ اور رسول پاک ﷺ کے حکم کے مطابق علم کا حصول عبادت سمجھ کر حاصل کرنے کے لئے کوئی کسر ایفاء نہیں رکھنی چاہیے ۔تقریب کے مہمان خصوصی لیسکو کے ڈائریکٹر ایچ آر ضمیر حسین کلاچی نے کامیاب طلباء سے خطاب کرتے ہوئے انہیں تلقین کی کہ انہیں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید تعلیم میں مسلسل محنت کرکے کمال حاصل کرتے رہنا چاہیئے کیونکہ علم انسان کی حفاظت کرتا ہے ۔