سمر کیمپوں کے نام پر ‘ تین ماہ کی ایڈوانس فیس وصول کرنے والے سکولوں کیخلاف کریک ڈاؤن

 لاہور(ذکا ء اللہ ملک) محکمہ سکولز ایجوکیشن نے صوبائی دارالحکومت میں موسم گرما کی چھٹیوں کے دوران سمر کیمپوں کے نام پر 3ماہ کی ایڈوانس فیس لینے والے نجی تعلیمی اداروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ،معروف نجی تعلیمی اداروں کو شوکاز نوٹس جاری کر دئے گئے۔ ذرائع کے مطابق تین ماہ کی ایڈوانس فیس لینے والے سکول جن میں دی ایجوکیٹرز والٹن روڑ،لاہور گرائمر سکول کی جوہر ٹاؤن، ڈیفنس اور شالیمار برانچ،دارلاارقم سکول گلبرگ،الائیڈ سکول، امریکن لائسٹف جوہر ٹاؤن،برکس سکول،پنجاب سکول،نیو پبلک سکول اور فاروقی گرلز ہائی سکول کو گزشتہ روز شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ سکولز ایجوکیشن نے عدالت عالیہ کے احکامات کی روشنی میں لاہور سمیت دیگرا ضلاح کے ایگزیکٹوایجوکیشن افسران کی نگرانی میں ماتحت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو موسم گرما کی چھٹیوں اور سمر کیمپوں کے انعقاد کے نام پر تین ماہ کی ایڈوانس فیسیں وصول کرنے والے پرائیویٹ سکولوں کو شوکاز نوٹس اوررجسٹریشن منسوخ کرتے ہوئے محکمانہ کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔بتایا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں لاہور ڈویژن میں قائم نجی سکولوں کی مانیٹرنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے محکمہ سکولز ایجوکیشن کی جانب سے ایگزیکٹیو ایجوکیشن آفیسرڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نجی سکولز سمیت ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر کو اپنے متعلقہ علاقوں میں اضافی و ایڈوانس فیس کا مطالبہ کرنے والے نجی سکولوں کی نشاندہی کرنے کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں، تاہم موسم گرما کے دوران سمر کیمپ میں ایڈوانس فیسیں لینے والے نجی تعلیمی اداروں کی محکمہ ایجوکیشن سے رجسٹریشن بھی منسوخ کر دی جائے گی۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائیویٹ سکولز شیخ حسنات نے بتایا کہ تین ماہ کی ایڈوانس فیس وصول کرنے والے نجی تعلیمی اداروں کے خلافکوئی رعایت نہیں برتی جائے گی جبکہ عدالت عالیہ کے احکامات کے بعد تین ماہ کی فیسیں وصول کرنے والے پرائیویٹ سکولوں کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے انکے خلاف انکوائری کا حکم دے چکے ہیں۔