نجی سکول پابندی کے باجود 3 ماہ کی فیس وصول کرنے لگے ،والدین مشکلات کا شکار

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)محکمہ سکول ایجوکیشن کی ناہلی اور سست روی کے باعث نجی سکولوں کی طرف سے 3ماہ کی ایڈوانس فیس وصولی کا سلسلہ رک نہ سکا۔لاہور کے پرائیویٹ سکولوں کی طرف سے ایڈوانس 3ماہ کی اکھٹی فیسیں وصول کرنے کا سلسلہ جاری ہے ،ای ڈی او ایجوکیشن لاہورکی عدم دلچسپی اورنجی سکولوں کیخلاف مناسب اور موثر کاروائی نہ کرنے کی وجہ سے سفید پوش ، متوسط وغریب والدین مشکلات کا شکار ہیں،جبکہ ہائیکورٹ کے واضح احکامات کے باوجود بھی محکمہ تعلیم پرائیویٹ سکولوں کیخلاف ابھی تک کوئی بھی کارروائی نہیں کرسکا،صرف وضاحت طلب کرنے یا شوکاز نوٹس جاری کرنے سے فائلوں کا پیٹ بھر دیا جاتا ہے ۔سول سوسائٹی،والدین اور سٹوڈنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن پاکستان نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف،صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان،سیکرٹری تعلیم پنجاب عبدلجبار شاہین سے معاملہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہائیکورٹ کے فیصلہ پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور نجی سکولوں کے مالکان کو ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ 3ماہ کی ایڈوانس فیسوں کی وصولی کاسلسلہ بند کریں۔ متعدد والدین نے بتایا کہ اگر غریب والدین سکولوں کے مالکان سے فیسوں کی اقساط میں ادائیگی کی گزارش کرتے ہیں تو انہیں ڈھٹائی کے ساتھ بے عزت کردیاجاتاہے۔ سول سوسائٹی،والدین اور سٹوڈنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن پاکستان کے عہدیداران نے بتایا ہے کہ نجی سکولوں کی طرف سے ایڈوانس 3ماہ کی یکمشت فیس کی وصولی کی شکایت ای ڈی او ایجوکیشن لاہور کو درج کروانے کے باوجود بھی کوئی کارروائی نہیں کی جاتی بلکہ الٹا بچوں اور انکے والدین کو اذیت ناک اور شرمناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ای ڈی او ایجوکیشن لاہور ایک تو اپنے دفتر میں ہی نہیں بیٹھتے دوسرا اگر انکو کوئی شکایت درج کروائی جائے توانکا کہناہے کہ پرائیویٹ سکولوں والے کسی کی بات نہیں مانتے ۔ ایگزیکٹیو ایجوکیشن آفیسر لاہور پرویز اختر خان نے اس حوالے سے بتایا کہ تین ماہ کی ایڈوانس فیس لینے والے 80سے زائد نجی سکولوں کو شوکاز نوٹس جاری کر دئیے گئے ہیں،جبکہ 7روز میں وضاحت پیش نہ کرنے والے نجی سکولوں کی تالہ بندی کر دی جائے گی۔