استاتذہ کا آج سے پھر اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان

 لاہور(خبرنگار) اساتذہ آج سے ایک مرتبہ پھر پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دیں گے۔یہ احتجاج تنخواہوں میں نا مناسب اضافہ، تعلیمی اداروں کی خودمختاری/نجکاری اور دیگرتعلیم دشمن پالیسیوں کے خلاف کیا جارہا ہے ۔ انتقامی کاروائیوں سے گھبرا کر یا تحریک کے طویل ہوجانے کے خوف سے احتجاج کا خاتمہ نہیں کریں گے۔احتجاجی کیمپ کے انتظامات اوردیگرامور کا جائزہ لینے کی غرض سے متحدہ محاذ اساتذہ پنجاب کی مجلس عاملہ کا اجلاس گذشتہ روز چیئرمین طارق محمود کی زیرِ صدارت انعقاد پذیر ہوا۔ اجلاس میں پنجاب ٹیچرز یونین کے صدرحافظ غلام محی الدین،امتیازاحمد عباسی ،رانا محمد اسلم ساغر،کاشف شہزاد چوہدری،پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد صفدر چوہدری،محمد افضل مغل،محمد عامر بوٹا،مصعب جاوید،پنجاب ایس ای ایس ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر رانا سلطان محمود اختر،محمد اجمل شاد،فرمان احمد عباسی اور سینئر سٹاف ایسوسی ایشن کے سابق صدر حافظ عبدالناصر،ضراراحمد،راؤ محمد اکرم ساجد،محمد طارق چوہان سمیت متعد دتعلیمی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس میں احتجاجی کیمپ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ احتجاجی کیمپ کا آغاز11بجے دن کیا جائے گا۔اجلاس میں ایک مرتبہ پھر اس عزم کو دوہرایا گیا کہ انتقامی کاروائیوں سے گھبرا کر یا تحریک کے طویل ہوجانے کے خوف سے احتجاجی تحریک کا خاتمہ نہیں کریں گے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے طارق محمود نے کہا کہ گذشتہ دنوں سکول ایجوکیشن کی ایک اعلیٰ شخصیت نے دھرنا دینے والوں کو ناکام کہہ کراپنے دل کی بھڑاس نکالی ہے مگر انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ان کی نیندیں کیوں حرام ہو چکی ہیں؟اس موقع پر سیکرٹری جنرل چوہدری محمد صفدرنے کہا کہ" کوالٹی ڈرائیو"کا نفاذکرنے والوں کو اس کے معنی تک معلوم نہ ہونا کسی المیہ سے کم نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ سے خوف و ہراس ختم کئے بغیروزیرِ اعلیٰ پنجاب کے مشن"پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب" کی تکمیل ناممکن ہے ۔