اساتذہ کی مستقلی کا نوٹی فکیشن احتجاجی تحریک کے باعث ہی ممکن ہوا،طارق محمود

لاہور(خبرنگار)اساتذہ کی مستقلی کا نوٹی فکیشن متحدہ محاذ اساتذہ پنجاب کی احتجاجی تحریک کے باعث ہی ممکن ہوا۔ چند اساتذہ تنظیمیں بیوروکریسی کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے اساتذہ کو ہی تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد نوٹی فکیشن ڈیڑھ سال سے کیوں زیرِ التواء رکھا گیا۔ان خیالات کا اظہار متحدہ محاذ اساتذہ پنجاب کے چیئرمین طارق محمود، پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر حافظ غلام محی الدین،کاشف شہزاد چوہدری،پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر محمد صفدر،محمد افضل مغل،پنجاب ایس ای ایس ٹیچرز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر رانا سلطان محمود اختر اورپنجاب گورنمنٹ سکولز سینئر سٹاف ایسوسی ایشن کے سابق مرکزی صدر حافظ عبدالناصرنے اپنے مشترکہ اخباری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ الحمد للہ "تعلیم بچاؤ تحریک" کے دوران جن حقائق سے پردہ اٹھایا گیا تھا وہ آج سب کے سب سچ ثابت ہو رہے ہیں اور حکومت ایک ایک کرکے ان کا نوٹی فکیشن جاری کررہی ہے جو خوش آئند ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن نے تعلیمی اداروں میں اساتذہ تنظیموں کی میٹنگ پر پابندی عائدکر رکھی ہے مگر دوسری طرف ایک گروپ کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔



کہ وہ سکولوں میں پریس کانفرنس کررہے ہیں۔اگر اساتذہ کے اس گروپ کومحکمہ کی سرپرستی حاصل نہیں تو کیااس بناء پر ان کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی؟انہوں نے کہا کہ 28اگست کو ہر صورت میں پنجاب اسمبلی کے سامنے ایک مرتبہ پھر احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔