پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن 18 لاکھ مستحق طلبا و طالبات کو پڑھارہی ہے،قمرالاسلام

لاہور( خبرنگار) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے فروغ تعلیم کے ذریعے خوشحال اور تعلیم یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے ۔ اس فاؤنڈیشن کی تعلیمی پالیسیوں سے بے وسیلہ بچوں کو اپنے گھروں کے نزدیک مفت اور معیاری تعلیم کی سہولت میسر آئی ہے جس سے تعلیمی پسماندگی کے خاتمے میں نمایاں مدد ملی ہے ۔ یہ بات چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن انجینئر قمرالاسلام راجہ نے ایک غیر سرکاری فلاحی تنظیم کے یوتھ ایمبسڈرز کے وفد سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کہی۔ وفد کی قیادت امتیاز نظامی کر رہے تھے۔ قمرالاسلام نے وفد کو بتایا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن 18 لاکھ مستحق طلبا و طالبات کو پڑھارہی ہے ۔ اس مقصد کے لئے 36ضلعوں میں 5 ہزار نجی سکولوں سے تعلیمی پارٹنرشپ کی گئی ہے ۔ اس طرح یہ طالب علم تعلیمی اخراجات سے بے نیاز ہو کر اپنی زندگی کی تعمیر کر رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ پیف کی کوششوں سے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں تعلیمی سہولیات مہیا کرنے میں نمایاں مدد ملی ہے ۔ اس طرح چھوٹے اور درمیانے درجے کے سکولوں کو بھی خصوصی فائدہ پہنچا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم عام کرنے میں نوجوان نسل کا کردار انتہائی اہم ہے ۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ والدین کو یہ باور کروائیں کہ وہ اپنے بچے سکول بھیج کر پاکستان کو تعلیم یافتہ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔اس موقع پر یوتھ ایمبسڈرز نے پیف کے تعلیمی منصوبوں کو سراہا۔