لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدرمحمد جمیل ملک نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی موجودہ حکومت نے تعلیم،صحت اورزراعت کے شعبوں کا بھرکس نکال دیا اور سازش کے تحت نظام تعلیم کوکاروباری مافیا کے سپرد کیا جارہا ہے جس سے متوسط طبقات اور عام لوگوں کے بچے اعلیٰ تعلیم سے محروم ہوتے جارہے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا پنجاب حکومت کی آشیرباد سے صوبہ بھر میں مختلف اکیڈمیزطلبا اور طالبات کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہیں
جنہیں بعد ازاں انٹری ٹیسٹ میں فارغ کردیا جاتا ہے اور لاکھوں روپے کی فیسیں ادا کرکے وہی طلبااور طالبات اعلیٰ تعلیم حاصل کرسکتے ہیں جن کے والدین بھاری اخراجات کی استطاعت رکھتے ہوں، صحت کے شعبے کا بھی بیڑا غرق کردیا گیا ہے،سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار حکمرانوں کی گڈ گورنس کے منہ پر طمانچہ ہے،مریضوں کو نہ توڈاکٹر دستیاب ہیں نہ ہی ادویات،ایکسرے فلموں اورالٹرا ساؤنڈ تک کے پیسے لئے جارہے ہیں، حکمرانوں کی زراعت کش پالیسیوں سے کاشتکار اور کسان سڑکوں پر ہیں اور انہیں اجناس کی لاگت بھی نہیں مل رہی۔
، بجلی کی مد میں بھی کاشتکاروں کو ریلیف نہیں دیا جارہا ،کھاداور بیج کی بڑھتی ہوئی قیمتیں کسانوں کیلئے پریشانی کا باعث ہیں،محمد جمیل ملک نے مزید کہاحکمرانوں کا نام نہاد گڈ گورنس کا بھانڈاپھوٹ چکا ہے انہیں جلد ہی اپنے سیاسی انجام سے دوچار ہونا پڑیگا۔