لاہور( خبرنگار) نامور صنعتکار اور اولڈ راوئین اقبال زیڈ احمد نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں عالمی معیار کے بزنس سکول کے قیام کے لیئے فنڈز عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا۔یہ اعلان انہوں نے گزشتہ روز گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں اینڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران کی نئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ اور تعلیمی شعبہ جات کے صدور سے ملاقات میں کیا۔اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اعجاز اے ممتاز نے بھی جی سی یو اینڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ کو 25لاکھ روپے عطیہ کیئے۔اس موقع پر دیگر اولڈ راوئینز کی جانب سے بھی مستحق طلباء کے سکالر شپ کے لیئے فنڈز عطیہ کیئے گئے ،جن کی مالیت 2ملین روپے سے زیادہ ہے ۔جی سی یو کے ممتاز پروفیسر ڈاکٹر ظہیر احمد صدیقی جو ہر ماہ اپنی تنخواہ جی سی یو اینڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ کو عطیہ کرتے ہیں،نے بھی اپنی تنخواہ کا چیک طلباء کے سکالر شپس کے لیئے وائس چانسلر کے سپرد کیا۔اس موقع پر اینڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران میاں مصباح الرحمن ،میاں محمد اشرف ،شمیم احمد اور ڈاکٹر خالد منظور بٹ بھی موجود تھے۔اقبال زیڈ احمد جو کہ اینڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ کے صدربھی ہیں نے خواہش ظاہر کی کہ مارچ 2016میں بزنس سکول کی عمارت پر ترقیاتی کام شروع کر دیا جائے۔بزنس سکول کو بہترین اساتذہ کے ساتھ ساتھ ہر جدید سہولت فراہم کی جائے گی ،تاکہ یہ عالمی معیار کے مالی اور انتظامی ماہرین اور محقق پیدا کر سکے۔