وزیراعظم کا رواں سال نجی سکولوں کی فیسوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان

اسلام آبا د ( آئی این پی ) وزیراعظم نواز شریف نے رواں سال نجی سکولوں کی فیس میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے وزارت تعلیم ، کیڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کو نجی سکولوں کے انتظامات اور نظام کو دیکھنے کیلئے جامع پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت کردی ۔ اتوار کو وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے وزارت تعلیم و کیڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ رواں سال کے دوران نجی سکولوں کی فیس میں اضافہ نہ کرنے کے اقدامات کریں جبکہ وزارت تعلیم ، کیڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کو نجی سکولوں کے انتظامات اور نظام کو دیکھنے کیلئے جامع پالیسی مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔