ایجوکیشن وؤچر سکیم سے منسلک سکولوں کی عمارتوں کی تبدیلی کیلئے سرکلر جاری

لا ہور( خبرنگار) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے بے وسیلہ بچوں کی مفت تعلیم کے منصوبہ’’ایجوکیشن وؤچر سکیم‘‘ سے منسلک سکولوں کی عمارت کی تبدیلی اور نئے کیمپس کے قیام کے حوالے سے محکمانہ سرکلر جاری کردیاہے۔ ڈائریکٹر (ایجوکیشن وؤچر سکیم) کی جانب سے جاری ہونے والے سرکلر میں کہا گیا ہے کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے منظور شدہ عمارت کو منتقل کرنے کی اجازت نہیں، ناگزیر حالات میں عمارت کی منتقلی سے پہلے پیف سے پیشگی منظوری لینا لازمی ہے۔ منظوری کے بغیر کسی بھی قسم کی منتقلی کو قبول نہیں کیا جائے گا اور غیر منظورشدہ کیمپس میں بٹھائے جانے والے بچوں کی فنڈنگ نہیں کی جائے گی۔

سرکلر کے مطابق سکول کی مین عمارت کے علاوہ صرف ایک کیمپس کھولنے کی اجازت ہے جو مین عمارت سے زیادہ سے زیادہ 500میٹرکے فاصلے پر اور منظور شدہ علاقہ (یونین کونسل)میں ہوا اسی طرح ذاتی عمارت کی صورت میں منتقلی منظور شدہ یونین کونسل میں 2کلو میٹر کے اندر کی جاسکتی ہے۔