محکمہ خصوصی تعلیم ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کریگا،آصف منہیس

لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر برائے خصوصی تعلیم آصف سعید منہیس نے کہا ہے کہ محکمہ خصوصی تعلیم پنجاب کے تمام اضلاع میں جاری شدہ اور نئے منصوبہ جات برائے سال 2015-16کی بروقت تکمیل یقینی بنارہا ہے۔ یہ بات انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف سپیشل ایجوکیشن پنجاب میں محکمہ کے ترقیاتی پروگرامز کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران کہی۔اس موقع پر صوبہ بھر کے تمام ڈسٹرکٹ سپیشل ایجوکیشن آفیسرز موجود تھے۔آصف سعید منہیس نے محکمہ سپیشل ایجوکیشن کے تمام افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں جاری شدہ منصوبہ جات کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔


اور اس کے ساتھ ساتھ محکمہ خصوصی تعلیم کے اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں تاکہ خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت نہایت احسن انداز میں ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ ڈینگی تحفظ آگاہی مہم ،اداروں کا انتظامی اور مالی ڈسپلن اور محکمہ سپیشل ایجوکیشن کے اداروں کو فراہم کردہ جنریٹرز کے صحیح استعمال کیاجائے۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ اس ضمن میں تمام اضلاع کے افسران کو تحریری ہدایات بھی جاری کی جائیں۔