’’پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب‘‘ معیاری تعلیم ہر بچے کا حق ہے جو اسے ہر قیمت پر دیں گے: شہباز شریف


لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں پنجاب سکولز ریفارمز روڈمیپ کے تحت ’’پڑھو پنجاب، بڑھو پنجاب‘‘ پروگرام کے اہداف کے حصول پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیاگیااوراہداف کے حصول کیلئے مربوط انداز میں موثر اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے کا فیصلہ کیاگیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2018 تک پنجاب کے ہر بچے کے سکول داخلے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اوراس ہدف کے حصول کیلئے محنت، عزم اور جذبے سے کام کرنا ہوگا۔ صوبے کے بچوں اور بچیوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کا بھی ٹارگٹ ہر صورت حاصل کرنا ہے جبکہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی واؤچر سکیم کے تحت 2018 تک 25 لاکھ طلبا و طالبات کو سکولوں میں داخلے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے اساتذہ کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے۔تحصیل اور ضلع کی سطح پر اساتذہ کیلئے جدید تربیت کے ساتھ ریفریشر کورسز کا اہتمام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پرفارمنس مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم اور سیکرٹری سکولز ایجوکیشن اساتذہ کی کوالٹی ٹریننگ میں ذاتی طور پر دلچسپی لیں۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت نے پہلے بھی وسائل فراہم کئے ہیں، آئندہ بھی کریں گے۔سکولوں میں بچوں کو معیاری تعلیم مہیا کرنے کیلئے موثر اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھنا انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے وسائل کی فراہمی پاکستان کے مستقبل پر سودمند سرمایہ کاری ہے اوراس ضمن میں وسائل کی کوئی کمی نہیں آنے دیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ سکولوں میں طلبا اور اساتذہ کی حاضری میں خاطرخواہ بہتری آئی ہے تاہم اس حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کی مانیٹرنگ بھی ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ کے افسران سکولوں میں سہولتوں کی فراہمی اور ’’پڑھو پنجاب، بڑھو پنجاب‘‘ کے تحت مقرر کئے جانیوالے اہداف کی خود مانیٹرنگ کریں اور اس ضمن میں رپورٹ پیش کی جائے۔انہوں نے کہا کہ سکولوں کی خستہ حال عمارتوں کی تعمیر و مرمت کیلئے رواں مالی سال اربوں روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں لہٰذاان فنڈز کو ترجیحی بنیادوں پر استعمال کرتے ہوئے خستہ حال عمارتوں کی تعمیر و مرمت کا کام جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں تعلیم کے فروغ کیلئے اہداف کے حصول کو یقینی بنانا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ 2018ء کیلئے مقررکردہ اہداف کو حاصل کرنے کیلئے محنت اور عزم سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں گزشتہ 7برس کے دوران پنجاب حکومت نے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہے، تاہم یہ طویل سفر کا آغاز ہے۔ ابھی ہمیں تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے بہت کچھ کرنا ہے۔ معیاری تعلیم پر پنجاب کے ہر بچے کا حق ہے اور ہمیں یہ حق ان تک پہنچانا ہے جس کے لئے محنت ،دیانت اورامانت سے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں جزا اور سزا کے نظام کے بغیر تعلیمی اہداف کا حصول ممکن نہیں۔ اگر ہم نے آگے بڑھنا ہے اور اپنی منزل حاصل کرنا ہے تو سزا اور جزا کے نظام کو اپنانا ہوگا، تعلیمی اہداف کے حصول کیلئے بہترین کارکردگی پر افسروں کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ غیر تسلی بخش کارکردگی دکھانے والوں کی بازپرس ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے تحت ایک لاکھ ذہین و مستحق طلبا و طالبات کو تعلیمی وظائف دیئے جا چکے ہیں جبکہ آئندہ ایک برس کے دوران مزید ایک لاکھ ذہین اور مستحق طلبا و طالبات کو تعلیمی وظائف دیئے جائیں گے۔ تعلیمی وظائف کے اس بڑے پروگرام نے مستحق و ذہین طلباء و طالبات کیلئے اعلی تعلیم کے دروازے کھول دےئے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب اور اجلاس کے شرکاء نے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے وائس چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب کو ایک لاکھ تعلیمی وظائف کا ہدف مکمل کرنے پر خراج تحسین پیش کیااوران کی کارکردگی کی تعریف کی۔ڈیفڈ کے خصوصی نمائندے سر مائیکل باربر نے ’’پڑھو پنجاب، بڑھو پنجاب‘‘ پروگرام پرہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور ان کی ٹیم نے قلیل مدت میں تعلیمی اہداف کے حصول میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد، مشیر ڈاکٹر اعجاز نبی، پارلیمانی سیکرٹری برائے سکولز ایجوکیشن جوائس روفین جولیس، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ سیکرٹریز، ماہرین تعلیم، برطانیہ کے بین الاقوامی ترقیاتی ادارہ ’’ڈیفڈ‘‘ کے عہدیدران اور سکولز ریفارمز روڈمیپ کی ٹیم کے ممبران نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ گزشتہ برس کے بے مقصد دھرنوں نے پاکستان کو بے پناہ نقصان پہنچایا۔دھرنوں اوراحتجاجی سیاست کی آڑ میں ملک و قوم کا قیمتی وقت برباد کیاگیا۔پاکستان کے 18کروڑ باشعور عوام اب کسی کوانتشار کی سیاست کی آڑ میں ملک و قوم کا وقت ضائع نہیں کرنے دیں گے۔پاکستان کے عوام بخوبی جان چکے ہیں کہ کون ان کی خدمت کررہا ہے اورکون مفاد عامہ کے منصوبوں میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے ۔این اے 122میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جیت نے نام نہاد دھاندلی کے الزامات کو دفن کردیا ہے ۔وزیراعظم محمدنوازشریف کی قیادت میں ملک کو دہشت گردی،توانائی بحران اوردیگر مسائل سے نجات دلانے کیلئے دن رات کاوشیں جاری ہیں ۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت اورانہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہے ۔پہلے بھی عوام کی خدمت کی آئندہ بھی کریں گے اورعوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔گزشتہ 8برس کے دوران پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیے گئے ریکارڈ فنڈز کی ملک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے ان خیالات کااظہارلاہور سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ(ن) کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اورپارٹی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماء و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو دہشت گردی ،انتہاء پسندی،توانائی بحران ،غربت اوربے روزگاری جیسے مسائل کا سامنا ہے۔وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں حکومت پاکستان کو ان مسائل سے نکانے کیلئے دن رات ایک کیے ہوئے ہے ۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے افواج ،سکیورٹی ادارے اور وفاقی اورصوبائی حکومتیں اور پوری قوم یکسوہے۔انہوں نے کہا کہ زراعت کے فروغ اور چھوٹے کاشتکار کی خوشحالی کیلئے 341ار ب روپے کا تاریخی کسان پیکیج دیا گیا ہے۔اربوں روپے کے ’’خادم پنجاب دیہی روڈ پروگرام‘‘سے دیہی زندگی میں انقلاب آئے گا۔صاف پانی پراجیکٹ پر عملدرآمد سے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا ہدف پورا کریں گے۔تعلیم ،صحت اوردیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے بھی انقلابی نوعیت کے اقدامات کیے گئے ہیں۔ٹرانسپورٹ کلچر میں تبدیلی اورعوام کو بہترین، آرم دہ،سستی اورمحفوظ سفری سہولتوں کی فراہمی پر بھی خصوصی توجہ مرکوذ کی گئی ہے ۔لاہور اور راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس سروس کو زبردست عوامی پذیرائی مل رہی ہے۔ملتان میں بھی میٹروبس کے منصوبے پر تیزرفتاری سے کام جاری ہے ۔لاہور میں اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے پر کام کا آغاز کردیاگیا ہے ۔میٹروٹرین کے منصوبے میں سو فیصد چین کی سرمایہ کاری ہے ۔اورنج لائن میٹروٹرین چین کا پاکستان کے عوام کیلئے شاندار تحفہ ہے۔میٹروٹرین کے منصوبے سے لاہور اورپنجاب کے عوام کو بہترین سفری سہولتیں میسرآئے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں اربوں روپے کی لاگت سے مکمل کیے گئے بڑے ترقیاتی منصوبوں سے عوام مستفید ہورہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ منتخب نمائندے عوام سے روابط بڑھائیں اور ان کے مسائل کے حل کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں ۔اراکین اسمبلی محرم الحرام کے دوران قیام امن،رواداری اوربھائی چارے کی فضاء برقراررکھنے کیلئے اپنا موثر کرداراداکریں۔اراکین اسمبلی اورپارٹی عہدیداروں نے عوامی خدمت کے منصوبوں پر پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام وزیراعظم نوازشریف،وزیراعلیٰ شہبازشریف اورپارٹی قیادت سے والہانہ محبت رکھتے ہیں ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں پنجاب میں کاروباری مواقع کے حوالے سے بین الاقوامی سیمینار کے انعقاد کا فیصلہ کیاگیا ۔دوروزہ بین الاقوامی سیمینار نومبر کے شروع میں لاہور میں ہوگا جس میں پاکستان کے ساتھ مختلف ممالک کے سرمایہ کار شرکت کریں گے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب سرمایہ کاری کیلئے بہترین صوبہ بن چکاہے او ریہاں ملکی و غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے انتہائی ساز گار ماحول پیدا کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ لاہو رمیں بین الاقوامی سیمینار کے انعقاد سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کیا جا سکے گا اور یہ سیمینار پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی سیمینار میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی خوش آئند ہے۔ سیکرٹری تعمیرات ومواصلات اور کمشنر لاہور ڈویژن نے سیمینار کے انعقاد کے حوالے سے انتظامات پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیمینار کی ویب سائٹ تیار کر لی گئی ہے۔صوبائی وزراء رانا ثناء اﷲ،تنویر اسلم ملک،چیف سیکرٹری ، انسپکٹرجنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ،متعلقہ سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔