طلبہ وقت کا بہترین استعمال کرتے ہوئے تعلیم حاصل کریں،خلیل طاہر

 
لاہور(لیڈی رپورٹر )وزیر برائے اقلیتی امور و انسانی حقوق پنجاب خلیل طاہر سندھو نے طالبعلموں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے وقت کا بہترین استعمال کرتے ہوئے تعلیم حاصل کریں اور وہ اپنی تمام صلاحیتیں ملک و ملت کی ترقی کے لئے وقف کردیں۔وہ ایف سی کالج یونیورسٹی میں کنیئرڈکالج اور ایف سی کالج کے طلبہ کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیے سے خطاب کررہے تھے۔تقریب سے ایف سی کالج یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر جیمز ٹیبی ، کنیئرڈ کالج برائے خواتین کی پرنسپل ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ، ڈاکٹر پیٹر، کرنل خاقان، بشپ آف لاہور عرفان جمیل، ڈاکٹر الیگزینڈر جان ملک ، اساتذہ اور طالبعلموں کی بڑی تعدادنے شرکت کی اور تعلیم کی اہمیت اور مشنری تعلیمی اداروں کے کردار پر روشنی ڈالی۔ خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ کریسچین کمیونٹی نے قیام پاکستان سے استحکام اور تعمیر پاکستان کے لئے بے پناہ خدمات انجام دی ہیں۔ہمیں ان پر بے حد فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مشنری اداروں کی تعلیمی اور طبی خدمات کو ہر پلیٹ فارم پر تسلیم کیا گیا ہے۔



انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد قابل تقلید اقدامات کئے ہیں خصوصا ملازمتوں میں پانچ فیصد کوٹہ، اقلیتی مشاورتی کونسل کا قیام ، میرج ایکٹ میں رجسٹریشن کے مسائل کا حل اور دیگر شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بطور پاکستانی شہری اپنے وطن کی خدمت کرتے رہیں گے۔