بہت ہو گیا،اب مذاکرات نہیں ہونگے: پنجاب ٹیچرز یونین

لاہور(اپنے نامہ نگار سے ) کل( 9جنوری) سے سرگودھا سے نکلنے والی اساتذہ ریلی میں پنجاب بھر کے اضلاع سے اساتذہ شرکت کریں گے۔ مرکزی صدر پنجاب ٹیچرزیونین اللہ بخش قیصر اور مرکزی نائب صدر پنجاب ٹیچرزیونین صوفی محمدرمضان انقلابی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے مذاکرات پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ اب نہ ہم مذاکرات کریں گے اور نہ ہی دھوکا کھائیں گے۔ اس لئے اب ہم اپنے احتجاج پر ڈٹے رہیں گے یہاں تک کہ جب تک نئے PEFسسٹم کا خاتمہ نہیں ہوجاتا۔


جو لوگ حکومت کا ساتھ دیں گے وہ خود مٹ جائیں گے۔ پنجاب بھر کے اساتذہ ہمارے ساتھ متحد ہیں اور کسی PEEDAایکٹ سے خائف نہیں ہیں۔ جیلیں، ہتھکڑیاں اور ملازمتوں سے برطرفی ہمیں اپنے حقوق حاصل کرنے سے نہیں روک سکتیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 9جنوری سے ہر ٹیچر سرپر کفن باندھ کر نکلے اور PEFکا خاتمہ ، PECامتحانات کا بائیکاٹ اور اساتذہ کی اَپ گریڈیشن 6مئی 2015ء کے مطابق PSTکوگریڈ14، ESTکیلئے 16 جبکہ SSTکوگریڈ 17اساتذہ کا حق ہے جو فوری طور پر دینے کا اعلان کیاجائے۔ پنجاب بھر کے اساتذہ پرائمری اور مڈل کے PECامتحانات کا مکمل بائیکاٹ کریں گے۔ ان خیالات کااظہار مرکزی صدر اللہ بخش قیصر نے مرکزی مجلس عاملہ سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس میں صوفی محمدرمضان انقلابی ، اللہ رکھا گجر ، منیرسندھو، وحیدمراد ، منیرچغتائی ، رانا عبدالستار ، نعیم باجوہ اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔