تعلیمی اداروں کو پیف کے حوالے کرنے سے تعلیمی نظام متاثر ہو گا،رانا عطاء محمد

لاہور(اپنے نامہ نگار سے ) پنجاب ایسوسی ایشن آف سبجیکٹ سپیشلسٹ(پاس) کے صدر رانا عطاء محمد نے صوبہ بھر کے تقریباً 5 ہزار سرکاری پرائمری تعلیمی اداروں کو مرحلہ وار این جی او اور پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے حوالے کرنے پر محکمہ تعلیم اورحکومتی اقدام پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ رانا عطاء محمد نے کہاکہ ایک ہزار تعلیمی اداروں کو صرف پیک کے نتائج کی بناء پر این جی اوز اور پیف کے حوالے کر دیا گیا ہے جس سے ان سرکاری تعلیمی اداروں کے اساتذہ میں بے چینی و اضطراب پھیل چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی حکومت نے دوپہر کے اوقات میں سرکاری تعلیمی اداروں کو چلانے کیلئے ’’کمیونٹی پارٹیشن پراجیکٹ‘‘ کے نام پر ایک سکیم کا اجراء کیا تھا جو بری طرح ناکام ہوا ۔

جس کی اصل وجہ یوٹیلٹی بلز کی صرف دس فیصد ادائیگی اور کرایہ وغیرہ شامل تھا۔ رانا عطاء محمد نے کہا کہ این جی اوز اور پیف کے حوالے کئے گئے سرکاری تعلیمی اداروں کے یوٹیلٹی بلز اور کرایہ وغیرہ کی ادائیگی کے فیصلے کرنا تاحال باقی ہیں۔ دریں اثناء پنجاب پرائمری‘ ایلیمنٹری ٹیچرز ایسوسی ایشن (پیڈا) کے جنرل سیکرٹری چوہدری ظفر اقبال نے بھی حکومت پنجا ب کے سرکاری تعلیمی اداروں کو صرف پیک کے نتائج کی بناء پر این جی اوز کے حوالے کرنے کے فیصلے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔