بی زیڈ یو کے فارغ التحصیل اور زیرتعلیم طلباء وطالبات قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں،رانا مشہود

لاہور( اپنے نامہ نگار سے ) صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ بی زیڈ یو لاہور کے فارغ التحصیل اور زیرتعلیم طلباء وطالبات قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں ان کا سنہری مستقبل کسی صورت میں متاثر ہونے نہیں دیں گے جس کے پیش نظر تمام فارغ التحصیل طلباء وطالبات کو بی زیڈ یو ملتان کی ہی ڈگریاں جاری کی جائیں گی اور جو طلباء وطالبات زیرتعلیم ہیں ان کی رجسٹریشن بی زیڈ یو کے تحت ہی رہیں گی اوروہ اسی کیمپس میں اپنی تعلیم جاری رکھیں گے تاہم تمام سب کیمپس ز کی قانونی حیثیت کوجانچنے کی غرض سے قائمہ کمیٹی کا فوری اجلاس جمعہ کو طلب کرلیاگیاہے جس میں حتمی فیصلہ دیاجائیگا جو کہ طلباء وطالبات کے وسیع تر مفاد سے وابستہ ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بی زیڈ یو لاہور کیمپس میں طلباء وطالبات کی ایک بڑی تعدا د سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انکے ہمراہ سپیشل سیکرٹری ایچ ای سی طاہر یوسف ،چیئرمین بی زیڈ یو لاہور منیر احمد بھٹی اوردیگر بھی موجود تھے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ تمام سب کیمپس ز کے آئندہ قیام میں قانونی تقاضوں کو پورا کیاجائیگا اوراگر کہیں کوئی کمی یاکوتاہی پائی جاتی ہے تو اس کو درست کیاجائیگا کیونکہ جب تک قانون کی بالا دستی نہیں ہوگی معاملات درست سمت میں نہیں چل سکتے۔قبل ازیں صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود احمدخان نے گزشتہ روز بی زیڈ یو لاہو ر کے ہزاروں طلباء وطالبات کی جانب سے کیمپس کی قانونی حیثیت اور ڈگریوں کے اجراء کے سلسلے میں تاریخی احتجاج ریکارڈ کرایا تھا جس پر وزیرتعلیم نے طلباء وطالبات سے ان کے کیمپس میں آکر روبرو اعلان کرنے کا وعدہ کیا اوراس وعدہ کے مطابق وہ کیمپس میں آئے جہاں ہزاروں طلبا وطالبات نے ان کا پرتباک استقبال کیا اورانہیں گلدستے پیش کیے ۔اس موقع پر صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود احمد خان نے طالبعلموں کوخوش خبری سناتے ہوئے اعلان کیا کہ تمام فارغ التحصیل طلباء وطالبات کو ڈگریاں جلد جاریکردی جائیں گی جبکہ زیرتعلیم طلباء وطالبات کسی قسم کی فکر نہ کریں اور اپنی تمام تر توجہ پڑھائی پر دیں ۔