لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہورہائیکورٹ نے قائم مقام وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی ڈاکٹرمجاہدکامران کی تعیناتی کے خلاف درخواست پرحکومت سے جواب طلب کرلیا ہے کہ مدت ملازمت مکمل ہونے کے بعد قائم مقام وائس چانسلر کی تعیناتی کس قانون کے تحت کی گئی ہے۔جسٹس شاہد کریم کی عدالت میں درخواست گزاراسسٹنٹ پروفیسر پنجاب یونیورسٹی عصمت اللہ کے وکیل اظہرصدیق نے موقف اختیار کیا کہ ڈاکٹر مجاہد کامران وائس چانسلر کی حیثیت سے اپنے عہدہ کی معیاد22جنوری کو مکمل کرچکے ہیں۔پنجاب یونیورسٹی ایکٹ کے تحت وائس چانسلر کی عدم موجودگی میں صرف سینئر پروفیسر کوہی قائم مقام وائس چانسلر تعینات کیاجا سکتا ہے۔ انہوں نے استدعا کی کہ ڈاکٹر مجاہد کامران کو قائم مقام وائس چانسلر پنجاب یونیور سٹی مقرر کرنے کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت نے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب کو طلب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ کس قانون کے تحت مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد ڈاکٹر مجاہد کامران کی تعیناتی کی گئی ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت آج 27جنوری تک ملتوی کردی۔