لاہور( اپنے نامہ نگار سے ) پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر اللہ بخش قیصر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کا قیام تعلیمی اداروں کو پرائیویٹائز کرنے کی پالیسی کا حصہ ہے۔پنجاب کے 55سو تعلیمی اداروں کو پنجاب ایجوکیشن فاونڈیشن کی تحویل میں دیا جانے پر تشویش ہے اساتذہ کے حقو ق کے تحفظ اور تعلیمی اداروں کی نجکاری روکنے کے لئے19فروری سے احتجاجی تحریک کا آغاز جھنگ سے کررہے ہیں۔وہ صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔اس موقع پر مرکزی نائب صدر رمضان جانی بھی موجودتھے۔انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں کو سیاسی منڈی بنانا اور بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کی تحویل میں دینے کے لئے جو منصوبہ بندی کررہی ہے وہ کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے پی آئی اے کے ملازمین پر فائرنگ کی شدید مزمت کرتے ہوئے کہا کہ حکمران آمربن کر جو فیصلے ملازمین پر ٹھونسنا چاہتے ہیں وہ ہی انہیں لے ڈوبیں گے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پی آئی اے کے ملازمین کے ساتھ تمام معاملات انکے ساتھ بیٹھ کر حل کئے جائیں۔اور لاٹھی گولی کی سرکار نہیں چلے گی۔