اساتذہ نے نجکاری کے خلاف جدو جہد کر نے کا فیصلہ کر لیاہے، اللہ بخش قیصر

چنیوٹ( نامہ نگار) پنجاب ٹیچررز یونین کے مرکزی صدر اللہ بخش قیصر نے کہا ہے کہ جماعت پنجم کے طلباء کے مشکل پیپر حکومت کی جانب سے اساتذہ کو نااہل ثابت کرنے کی سازش اور تعلیمی اداروں کی نجکاری پالیسی کاحصہ ہے۔جماعت پنجم کے طلباء کے لئے انگلش کا جو پیپر دیا گیا وہ بی اے تعلیم رکھنے والوں کے لئے بھی مشکل ہے۔پنجاب بھرکے اساتذہ نے تعلیم دشمن حکومتی پالیسیوں اور تعلیمی اداروں کی نجکاری کے منصوبہ بندی کے خلاف متحدہوکر جدوجہد کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیاہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔اس موقع پر مرکزی سینئر نائب صدر رمضان انقلابی بھی موجودتھے۔انہوں نے کہا کہ حکمران اپنی نااہلیاں چھپانے کے لئے قومی اداروں کی نجکاری کررہے ہیں اگر حکمران اپنا فرض بہتر انداز میں ادا نہیں کرسکتے تو پھر وہ اقتدارجموری انداز میں اہل لوگوں کے حوالے کر دیں۔انہوں نے کہا کہ حکمران پی آئی اے ملازمین کی طرح اساتذہ کو بھی سڑکوں پر نکلنے پر مجبورکررہے ہیں۔محکمہ تعلیم کو پرائیویٹ کرنے کا مقصد محض اپنی تجوریا ں بھرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت 2018ء تک تمام تعلیمی اداروں کو پرائیویٹ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔حالانکہ آئین کے مطابق مفت تعلیم کی فراہمی حکومت کا فرض ہے انہوں نے بتایا کہ 19فروری کو جھنگ میں بڑا احتاجی جلسہ ہوگا ۔جس سے تعلیمی اداروں کی نجکاری کی منصوبہ بندی کے خلاف تحریک کا اغاز ہوجائے گا۔جس کے بعد پنجاب اسمبلی کے سامنے اور سڑکوں پر سخت احتجاج ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور تعلیمی اداروں کی نجکاری سے باز رہیں۔