لاہور(لیڈی رپورٹر)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پروگرام ڈائریکٹرز کا رابطہ اجلاس مینجنگ ڈائریکٹر طارق محمود کی زیر صدارت صدر دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی ایم ڈی طارق رفیق سمیت پروگرام ڈائریکٹرز نے شرکت کی ۔ اس موقعہ پر وسائل سے محروم طبقات میں نجی شعبہ کی شراکت سے تعلیم عام کرنے کے منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس نے تعلیمی منصوبوں میں شیڈول کے مطابق پیش رفت پرا طمینا ن کا اظہار کیا۔اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے ایم ڈی طارق محمود نے کہا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے تعلیمی وژن کی تکمیل میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی بدولت 19 لاکھ ضرورت مند بچوں کی تعلیم ممکن ہوئی ہے۔انہیں تعلیمی اخراجات سے نجات ملی ہے اور والدین کو یہ احساس ہوا ہے کہ ان کے بچوں کی تعلیم اب مشکل نہیں ۔ اس طرح " غربت کے منحوس چنگل "کی زنجیریں ٹوٹی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سکولوں میں زیر تعلیم بچے معاشرہ کا قیمتی سرمایہ بنیں گے اور اپنے والدین کے خوابوں کو پورا کر کے قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے
۔ایم ڈی طارق محمود سے 13 مختلف اضلاع سے سکول پارٹنرز کے وفد نے بھی ملاقات کی ۔ طارق محمود نے سکول پارٹنرز کی تعلیمی کردار کو سراہا اور کہا کہ پارٹنر سکولوں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سر گرمیوں سے طالب علموں کو نیااعتماد اور حوصلہ ملا ہے۔دریں اثناء پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے فاؤنڈیشن ایسسٹڈ سکول پروگرام کے10ویں مرحلے میں پارٹنرشپ کے لیے اپلائی کرنے والے 564 نجی سکولوں کا ابتدائی ابتدائی کوالٹی ایشورنس ٹیسٹ آج صوبے کے 35اضلاع میں منعقد ہوا۔ اس امتحان میں 2400 طالب علموں نے شرکت کی۔