فاؤنڈیشن ایسسٹڈ سکول "سے منسلک سکول مالکان رجسٹریشن / تجدید چیک کر لیں،سرکلر

لاہور( اپنے نامہ نگار سے )پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے مفت تعلیم کے منصوبے" فاؤنڈیشن ایسسٹڈ سکول "سے منسلک سکول مالکان سے کہا ہے کہ وہ اپنے سکول کی رجسٹریشن / تجدید حکومت پنجاب کے سرکلر نمبر SO(A-II)3-3/99(P)بتاریخ22-01-2009 کے مطابق چیک کر لیں۔ اس سر کلر کے تحت سکولوں کی نئی رجسٹریشن 5سال کے لیے ہوگی ،تاہم رجسٹریشن کی تجدید کی مدت سکول کی ملکیت عمارت کے مطابق 10سال برائے ذاتی عمارت اور 5سال برائے کرائے کی عمارت ہوگی۔ اس حوالے سے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر ( فاؤنڈیشن ایسسٹڈ سکول )کے جاری کردہ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ایسے تمام سکولز جن کی رجسٹریشن /تجدیدلائف ٹائم ہے یا تاریخ تجدیدسے تجاوز کر گئی ہے ،وہ اپنے متعلقہ ضلعی ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر( ایجوکیشن )سے رابطہ کریں اور سکول کی رجسٹریشن /تجدید کا عمل مذکورہ سرکلر کے مطابق مکمل کر کے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن میں تازہ ترین مصدقہ نقل مورخہ31مارچ تک جمع کروادیں۔







بصورت دیگر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ سکول مالکان مزید ہدایات اور رہنمائی کے لیے اپنے متعلقہ ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر( ایجوکیشن )سے رابطہ کریں۔