ووچر سکیم سے منسلک سکولوں کی مالی معاونت میں ترمیم کردی گئی ، سرکلر جاری


لاہور( اپنے نامہ نگار سے ) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے مفت تعلیم کے منصوبہ ایجوکیشن ووچر سکیم سے منسلک سکولوں کی مالی معاونت میں ترمیم کردی ہے ۔ جس کے تحت ووچر کی مالیت کو تعلیمی درجہ پرائمری ،مڈل،سیکنڈری (آرٹس) اور سیکنڈری (سائنس) میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔اس حوالے سے ڈائریکٹر (ایجوکیشن ووچر سکیم )ثمینہ نواز نے محکمانہ سرکلر جاری کر دیا ہے۔سرکلر کے مطابق ترمیم شدہ ووچرز ری ایمبرسمنٹ لیٹر کا نمونہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔


جس کے مطابق سکول مالکان اپنے ووچرز (دورانیہ اپریل 2016 تا مارچ2017 )کی فنانس کاپی بمعہ نئے ترمیم شدہ لیٹرکو اپنے سکول کے لیٹر ہیڈ پر پرنٹ کر کے جمع کروائیں تا کہ ماہانہ واجبات کی فراہمی میں تا خیر نہ ہو۔


دریں اثناء اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین کی سینئرڈیزاسٹرسلوشن ایسوسی ایٹ ڈاکٹرفرح ایوب اور اسسٹنٹ فیلڈ آفیسریاسر ایازخان نے آج پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے صدر دفتر کا دورہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی ایم ڈی طارق رفیق اور دیگر پروگرام ڈائریکٹر ز نے وفد کو صوبہ پنجاب میں ضرورت مند بچوں کی مفت تعلیم کے حوالے سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔اقوام متحدہ کے وفد سے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعلیمی منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔