رانا مشہود کا امتحانی مراکز کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے لارنس روڈ امتحانی مرکز کا دورہ


لاہور(اپنے نامہ نگار سے ) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے گزشتہ روز میٹرک کے امتحانی مراکز کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے لارنس روڈ پر واقع لاہور تعلیمی بورڈ کے مرکزی امتحانی مرکز کا دورہ کیا ۔ انہوں نے مختلف ہالز میں امتحانی پرچے حل کرتے ہوئے طالب علموں کے لئے سہولیات کے حوالے سے امتحانی مرکز کی انتظامیہ کو خصوصی ہدایات دیں اور کہا کہ بچوں کو انہماک سے اپنے پیپروں کے حل میں کوئی پریشانی یا رکاوٹ پیش نہیں آنی چاہیے۔ اس موقع پر چیئر مین لاہور تعلیمی بورڈ نصراللہ ورک بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پنجاب میں میٹرک کے امتحانات کے لئے جامع اور فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ۔ پورے پنجاب میں 23 لاکھ بچے 37 سو امتحانی مراکز میں امتحان دے رہے ہیں جہاں 27 ہزار اساتذہ ان کی نگرانی پر مامور کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آٹو میشن نظام کی وجہ سے کسی امتحانی پرچے کے لیک یا آؤٹ ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ہم نے بوٹی مافیا کا مکمل طو رپر خاتمہ کر دیا ہے ۔ میں امتحانی مراکز کا جائزہ لینے کیلئے مختلف اضلاع میں بھی جار ہا ہوں تاکہ متعلقہ مشینری کو بچوں کا امتحان لینے کے سلسلہ میں متحرک اور مستعد کیا جا سکے۔


۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امتحانی نظام کی آٹو میشن کی وجہ سے پیپر شروع ہونے میں صرف 20 منٹ بعد میں پتہ چل جاتا ہے کہ کتنے طلبا ء غیر حاضر ہیں یا کسی طالب علم کی جگہ کوئی دوسرا فرد بیٹھ کر پیپر تو نہیں دے رہا ۔