لاہور( اپنے نامہ نگار سے ) پنجاب ٹیچرز یونین نے 14مارچ کو پریس کلب کے سامنے حکومتی پالیسیوں کے خلاف مظاہرہ کرنے کا اعلان کردیا۔ پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر اللہ بخش قیصر ، صوفی رمضان انقلابی ، وحیدمراد ، رانا عباد ، منیر چغتائی ، فرخندہ اقبال ، منیر سندھو، اور تاج حیدر نے مختلف اضلاع کے دورے کرنے کے بعد اساتذہ کو حکومت کی تعلیم دشمن پالیسیوں سے آگاہ کیا اور انہیں بتایا کہ جب تک آپ لاہور کی سڑکوں پر نہیں آئیں گے ۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے سامنے دھرنا نہیں دیں گے مطالبات تسلیم نہیں ہوں گے انہوں نے کہاکہ اساتذہ کی سزاؤں کا خاتمہ ،پیف کے حوالے کئے جانیوالے اداروں کی واپسی ، ہائیرسیکنڈر سکولز کی بحالی اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے خاتمہ کیلئے اساتذہ کو جگا دیا ہے ۔
14مارچ کو پریس کلب لاہور کے سامنے احتجاج کے بعد ریلی نکالی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ جب تک اساتذہ کے مطالبات پورے نہیں کئے جاتے ۔ اساتذہ کو دی جانیوالی سزاؤں کا خاتمہ نہیں کیا جاتا ۔ تحریک جاری رہے گی ۔ اور اساتذہ رہنماؤں کا کہنا ہے وہ اپنی برادری کے حقوق کے تحفظ کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اب یہ بات اساتذہ اور دیگر سرکاری ملازمین سمجھ چکے ہیں کہ حکومت انہیں بلاوجہ مسائل میں الجھا رہی ہے ۔