صوبائی وزیر تعلیم رانامشہود اکا رائے ونڈ منڈی گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کا دورہ


لاہور( نامہ نگار) صوبائی وزیر تعلیم رانامشہود احمد خان نے گزشتہ روز رائے ونڈ منڈی میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر نے سکول میں موجود تعلیمی سہولیات کا تفصیل سے جائزہ لیا اور طالبات کی ضروریات کے لئے درکار فرنیچر،فلٹریشن پلانٹ،سکیورٹی کی صورتحال اور سکول میں صفائی وستھرائی کی صورتحال کے حوالے سے موقع پر ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن عمران سکندر بلوچ اور ای ڈی او ایجوکیشن لاہور پرویز اختر بھی وزیر تعلیم کے ہمراہ تھے۔صوبائی وزیر تعلیم نے محکمہ تعلیم کے اعلی حکام کو وزیراعلی پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں مذکورہ بالا سکول میں تمام تر تعلیمی وانتظامی سہولیات فوری طور پر فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے طلبا وطلبات ہمارے روشن مستقبل کی نوید اور ہمارا قیمتی ترین سرمایہ ہیں۔انہیں تمام تر سہولیات اور آسانیاں فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔بعدزاں وزیر تعلیم نے گورنمنٹ گرلز کالج ٹاؤن شپ کا اچانک دورہ کیا اور کالج میں ناقص انتظامات،صفائی کی ابتر صورتحال اور تعلیمی سہولیات کی غیر اطمینان بخش صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر کالجز رانا نسیم احمد بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔ کالج کی پرنسپل طاہر ہ انجم اور فیکلٹی ممبرز نے صوبائی وزیر کو ادارے میں ناکافی تعلیمی سہولیات کے بارے میں بتایا ۔صوبائی وزیر تعلیم نے کالج کے ہاسٹل،میس،کینٹین،باتھ رومز،جمنازیم اور سکیورٹی کی صورتحال پر اپنے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر کالجز رانا نسیم کو فوری طور پراصلاح احوال کے لئے اقدمات کرنے کو کہا۔ صوبائی وزیر نے کالج کے مسائل کے حل کے لئے کالج انتظامیہ کا اجلاس فوری طورپر طلب کر لیا ہے۔