لاہور(خبر نگار)سانحہ گلشن اقبال پارک کے خلاف لاہور بار ایسوسی ایشن اور پاکستان بار کونسل نے لاہور سمیت ملک بھر میں عدالتوں میں مکمل ہڑتال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان بار کونسل کی جانب سے گزشتہ رات جاری کردہ سرکلرکے مطابق وکلا اعلی عدلیہ سمیتماتحت عدالتوں میں پیش نہیں ہو ں گے۔جبکہ پنجاب بار کونسل نے بھی اعلان کرتے ہوئے مکمل طور پر سوگ منانے آج عدالتوں میں مکمل ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔تاہم لاہور ہائی کورٹ بار نے آج صبح گیارہ بجے کے بعد ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انجمن تاجران لاہور نے سانحہ گلشن اقبال پارک میں دہشت گردی کے واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاء پر آج لاہور کی تمام مارکیٹوں کو بند کر نے کا اعلان کر دیا،انجمن تاجران پنجاب کے صدر انجم محمود بٹ و دیگر تاجررہنماؤں نے اس المناک واقعہ پر شدید رنج اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ گلشن اقبال پارک میں دہشت گردی کے حملے اور معصوم لوگوں کی جانوں کے ضیاء پر جتنا افسوس کیاجائے کم ہے،دہشت گردی کا کوئی مذہب نہ ہے ،اور نہ ہی اس کا اسلام کے ساتھ کوئی تعلق ہے ،گلشن اقبال پارک میں اپنے بیوی بچوں کے ساتھ آئے ہوئے معصوم لوگوں کے ساتھ جس طرح خون کی ہولی کھیلی گئی ہے ہم انجمن تاجران کے پلیٹ فارم سے اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اس سانحہ کے سوگ میں لاہور کی تمام مارکیٹیں بروز سوموار کر بندرہیں گی۔سانحہ گلشن اقبال پارک کے خلاف آل پاکستان پرائیویٹ سکول فیڈریشن‘پاکستان ایجوکیشن کونسل ‘اور پرائیویٹ آنرز سکول ایسوسی ایشن نے نجی سکولوں میں 3 روزہ سوگ منانے کا اعلان کردیا ہے۔اور آج پرائیویٹ سکولوں کو بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ آل پاکستان پرائیویٹ سکول فیڈریشن کے صدر کاشف نے ’’ پاکستان ‘‘ کو بتایا کہ سانحہ گلشن اقبال پارک کے خلاف 3 روزہ سوگ منایا جا رہا ہے اس سلسلہ میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں آج ایلیٹ سکولز سمیت تمام نجی تعلیمی ادارے بند رہے گے۔اور کل سے نجی سکولوں میں معمول کے مطابق درس و تدریس کا سلسلہ جاری رہے گا۔تاہم سکولوں میں 3 روزہ سوگ منا یا جائے گا۔دوسری جانب آل پاکستان پرائیوٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ادیب جادوانی نے کہا ہے کہ سانحہ گلشن اقبال پارک کے خلاف تین روز کیلیے سوگ منایا جائے گا ۔تاہم نجی سکولز کھلے رہے گے۔اور نجی سکولوں میں درس و تدریس کا سلسلہ جاری رہے گا۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں سیکورٹی فراہم کی جائے وگرنہ ہڑتال کی کال دی جائے گی۔
You are subscribed Successfully