لاہور( خبرنگار) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے چولستان کے پارٹنرسکولوں کے کوالٹی ایشورنس ٹیسٹ کا انعقاد مکمل کرلیا ہے۔ اس ٹیسٹ میں بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان کے 73پارٹنر سکولوں کے طالب علموں نے حصہ لیا۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر (ساؤتھ) مظہر عباس نے امتحان میں شریک مختلف سکولوں کا اچانک دورہ کیا اور امتحانی عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایاکہ چولستان کے پارٹنر سکولوں میں شجرکاری مہم بھی شروع کر دی گئی ہے۔ اس مہم کا مقصد صحرائی علاقوں کے طالب علموں کو گرین ماحول کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے۔ دریں اثناء پیف کے ڈائریکٹر (فاؤنڈیشن ایسٹڈ سکول) نے ہدایت کی ہے کہ ایسے سکول پارٹنرز جن کی رجسٹریشن /تجدید لائف ٹائم ہے یا تاریخ تجدید سے تجاوز کر گئی ہے ۔
وہ اپنے متعلقہ ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ افیسر (تعلیم) کے دفتر سے رابطہ کرکے سکول رجسٹریشن/تجدید کا عمل مکمل کرکے ای ڈی او (تعلیم) کی تصدیق شدہ تازہ ترین نقل 8اپریل تک جمع کروائیں۔اس حوالے سے یاددہانی کامراسلہ جاری کر دیاگیاہے۔ مزیدبراں پیف نے سکول پارٹنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے حکومت پنجاب کی ہدایات اور حفاظتی تدابیر پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ طالب علم صاف ماحول میں تعلیم حاصل کریں۔ اس حوالے سے پارٹنر سکولوں کی سہولت کیلئے انسداد ڈینگی کے حوالے سے رہنما اصولوں کا سرکلر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔