لاہور( خبرنگار) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے افسران تعلیمی اہداف کے حصول میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں تا کہ سو فیصد انرولمنٹ کا ہدف جلد از جلد حاصل کیا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن طارق محمود نے نئے بھر تی ہونے والے افسران سے تعارفی ملاقات کے دوران کیا ہے۔اس موقع پر ڈپٹی ایم ڈی طارق رفیق بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ بے وسیلہ بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی اہم ترین ترجیح ہے۔اس حوالے سے پیف سٹاف کی کاوشوں سے تعلیم یافتہ معا شرہ کی تشکیل میں اہم مدد ملے گی۔ بعد ازاں پروگرام ڈائریکٹرز کے ہفتہ وار اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے طارق محمود نے کہا پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن پارٹنر سکولوں کے اساتذہ کی تدریسی صلاحیتوں کے اضافے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
اس حوالے سے ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ کے اشتراک سے ٹیچرز ٹریننگ کا منظم پروگرام ڈیزائن کیا گیاہے تاکہ پارٹنر سکول اپنے طالب علموں کو کوالٹی ایجوکیشن مہیا کریں۔اجلاس کو بتا یا گیاکہ حکومت پنجاب کی ہدایا ت کی روشنی میں پارٹنر سکولوں کو تمام حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔اجلاس کومزید بتا یا گیا کہ کوٹ ادو تحصیل کے 154پارٹنر سکولوں کو 2لاکھ 20ہزار نصابی کتب کی سپلائی آج 31مارچ سے شروع کی جارہی ہے جبکہ ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں تحصیل کی سطح پر نصابی کتابوں کی سپلائی معمول کے مطابق جاری ہے۔دریں اثناء چےئرمین پیف انجینئر قمرالاسلام راجہ نے آج نیشنل مینجمنٹ کالج (نیپا) کا دورہ کیا اور وہاں پر زیر تربیت افسران کی جانب سے شیخو پورہ میں پرائمری تعلیم کے بار ے میں پیش کی جانے والی رپورٹ کے ریویو پینلسٹ کے فرائض سر انجام دئیے۔ اس موقع پر انہوں نے شرکا ء کو فروغ تعلیم کی حکومتی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا۔