حکومت نے طالب علموں کو آگے بڑھنے کیلئے بہترین پلیٹ فارم مہیا کر دیا ،رانا مشہود


لاہور( نامہ نگار) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ طلبا و طالبات اگر اپنے تعلیمی اہداف پر فوکسڈ ہو جائیں تو تعلیم کی طاقت سے اس ملک میں دہشت گردی سمیت ہر مسئلہ حل کیا جا سکتا ہے ۔تعلیمی اداروں سے اٹھنے والی تحریک کرپشن سمیت ہر روگ کو اپنے ساتھ بہا لے جا سکتی ہے ۔ ہماری حکومت نے طالب علموں کو آگے بڑھنے اور ملک و ملت کا نام روشن کرنے کے لئے بہترین پلیٹ فارم مہیا کر دیا ہے ۔اساتذہ کرام طلبا ء کو ترقی و خوشحالی کے زینے پر چڑھنے کیلئے اہم ترین فور س بنانے پر قادر ہیں اور قومی تعمیر میں ان کا کردار سب سے اہم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز الحمراء ہال میں تحریری و تقریری مقابلہ جات برائے 2015 کے پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ای ڈی او لاہور پرویز اختر ،رانا حسن اختر اور سکول ایجوکیشن کے دیگر حکام بھی موجود تھے ۔تقریب میں مضمون نگاری و تقریری مقابلے کے پوزیشن ہولڈرز میں مجموعی طور پر 64 لاکھ روپے کے انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں ۔مضمون نویسی میں پہلا انعام حافظ عبید اللہ ضیا ء کو مالیت ڈیڑھ لاکھ روپے ملی جبکہ انگریزی تقریری مقابلے کا پہلا انعام زویا خان نے جیتا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت پنجاب کا تعلیمی ویژن یہ ہے کہ بھٹوں اور دیگر چائلڈ لیبر کے مقاما ت پر کام کرنے والے بچوں کو سکولوں کے اندر لایا جائے ۔2017 ء تک پنجاب میں کوئی بچہ سکول سے باہر نہیں رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں کو اپنی ذات اور تعلیمی اہداف کے ساتھ مخلص ہو جانا چاہیے کیونکہ اس ملک کو انہوں نے ہی پڑھ لکھ کر آگے لے کر جانا ہے ۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ دنیا میں پاکستان کو دہشت گردی اور تخریب کاری کے حوالے سے پہنچانے والے اگر ہمارے تعلیمی اداروں میں آ کر بچوں کے خیالات سنیں تو ان کو احساس ہو کہ پاکستان تو امن ،محبت ، رواداری اور باہمی افہام و تفہیم سے کام لینے والی قوم کا ملک ہے ۔ہم نے وزیروں وغیرہ سے گارڈ آف آنر ہٹا کر اسے صرف پوزیشن ہولڈرز کے لئے مخصوص کر دیا ہے ۔ہماری گائیڈ لائن صرف قرآن اور ہم صرف اللہ اور اللہ کے رسول کے تابع ہیں۔ہمارے جھنڈے کا سفید رنگ ثابت کرتا ہے کہ ہم اقلیتوں کے حقوق کا اپنے آپ سے بھی زیادہ خیال رکھتے ہیں ۔تقریب کے دوران ملی نغمے بھی پیش کئے گئے ،صوبائی وزیر تعلیم نے ہال میں موجود پوزیشن ہولڈرز کے اساتذہ کرام اور والدین کو مبارکباد دی ۔