500طلبہ چینی زبان سیکھنے جائیں گے ، پنجاب حکومت تمام اخراجات اٹھائے گی ، شہباز شریف

 لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان نسل پاکستان کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہے۔ نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کیلئے وسائل کی فراہمی قوم کے روشن مستقبل کیلئے سودمند سرمایہ کاری ہے اور اس مقصد کیلئے وسائل کی کمی نہیں آنے دیں گے۔ پنجاب حکومت نے 500 نوجوانوں کو چینی زبان سکھانے کے کورس کیلئے چین بھجوانے کا پروگرام بنایا ہے۔ 66 طلبا و طالبات کا پہلا بیج کل چین روانہ ہوگا۔ چین دنیا کی دوسری بڑی معاشی قوت بن چکا ہے اور چین نے دنیا بھر میں معاشی طو رپر اپنی قوت کا لوہا منوایا ہے۔ چین کی سیاسی، سفارتی اور معاشی اہمیت مسلمہ ہے، اس لئے چینی زبان سے آگاہی حاصل کرنا وقت کی ضرورت بن چکا ہے۔ پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو چینی زبان، تاریخ اور ثقافت سے روشناس کرانے کیلئے بڑے پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ بلاشبہ یہ پروگرام دونوں ممالک کی دوستی، معاشی تعاون اور قربتیں بڑھانے کا باعث بنے گا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں چینی زبان سیکھنے کے دو سالہ کورس کیلئے منتخب ہونے والے 66 طلبا و طالبات پر مشتمل پہلے بیج سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چینی قونصل جنرل یوبورن، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، وائس چانسلرز اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے چینی زبان کے کورس کیلئے چین جانے والے طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کے عظیم سفیر ہیں اور آپ نے اپنی محنت، ڈسپلن، پابندی وقت اور اپنے اعلیٰ کردار سے پاکستان کا نام روشن کرنا ہے اور گرین پاسپورٹ کی توقیر بڑھانی ہے۔ آپ نے دو سالہ کورس کے دوران نہ صرف چینی زبان سیکھنی ہے بلکہ چین کی تاریخ اور ثقافت سے بھی آگاہی حاصل کرنا ہے۔ آپ قوم کا مستقبل ہیں، قوم کو آپ سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ ملک و قوم کے روشن مستقبل کیلئے جتنے بھی وسائل دینا پڑے دیں گے۔نوجوان نسل کسی قسم کی آلائشوں، کرپشن اور سست روی کا شکار نہیں ہے۔ نوجوان ہمت، جرأت، گفتار اور علم سے آراستہ ہیں اور آپ نے ہی وطن عزیز کو سنوارنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت چینی زبان سیکھنے کیلئے 500 بچوں اور بچیوں کو چین بھجوائے گی جس کے تمام تر اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔وزیراعلیٰ نے طلبا و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے چینی زبان سیکھ کر ماسٹر ٹرینرز کا کردار ادا کرنا ہے۔ روشن مستقبل آپ کا منتظر ہے۔ کورس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور انہیں یونیورسٹیوں اور کالجوں میں ملازمتیں فراہم کی جائیں گی اور یہ آپ کا حق ہے جو پنجاب حکومت آپ کو دے گی۔قوم آپ کے کورس پر وسائل خرچ کر رہی ہے لہٰذا آپ نے محنت، عزم، دیانت اور لگن سے اپنے کورس پر توجہ دینی ہے اور چینی زبان کے تکنیکی پہلوؤں سے بھی مکمل آگاہی حاصل کرنی ہے۔ آپ کورس کے دوران جتنی محنت کریں گے، پابندی وقت ملحوظ خاطر رکھیں گے، ڈسپلن کی پاسداری کریں گے، اتنا ہی آپ اپنے ملک کے وقار میں اضافہ کریں گے۔۔ 68 برس میں پاکستان 60 ارب ڈالر کے قرضوں میں جکڑا گیا ہے۔ ایک طرف 60 ارب ڈالر کے قرضے ہیں تو دوسری طرف چین پاکستان میں 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ چین کے سرمایہ کاری پیکیج کے تحت پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور پاکستان کے دیگر حصوں میں تیزرفتاری سے منصوبے لگ رہے ہیں۔ سی پیک کے تحت توانائی کے شعبے میں چین کی 36 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے پاکستان سے اندھیرے دور ہوں گے۔ ساہیوال اور پورٹ قاسم میں 1320، 1320میگاواٹ کے کول پاور پلانٹس پر تیزی سے کام جاری ہے اور ان پاور پلانٹس سے 2017 کے آخر تک بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی، اسی طرح بہاولپور میں قائداعظم سولر پارک میں سولر سے بجلی کے حصول کے بڑے منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے جبکہ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے 100 میگاواٹ کا سولر منصوبہ لگایا ہے جس سے بجلی کی پیداوار جاری ہے۔ اگر ہم اپنے عمل اور ایکشن کے ذریعے میرٹ کو سکہ رائج الوقت بنائیں گے تو عام آدمی کو بھی احساس ہوگا کہ پاکستان اس کا بھی ہے اور اس کی ناامیدی امید میں بدل جائے گی۔ نوجوان کا اعتماد بحال ہوگا۔ چینی قونصل جنرل یو بورن نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے روشن مستقبل کے ضامن طلبا و طالبات کی تقریب میں شرکت میرے لئے باعث اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان اچھے ہمسائے، دوست، پارٹنر اور بھائی ہیں اور دونوں ممالک کی دوستی ہر گزرتے لمحے مضبوط ہو رہی ہے۔ چین دوستی اور معاشی تعاون بڑھانے میں پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف کا کردار لائق تحسین ہے۔ چینی قونصل جنرل بیجنگ میں یونیورسٹی سے رابطے میں رہے گا اور چینی زبان کے کورس میں شرکت کرنے والے طلبا و طالبات کو ہرممکن سہولتیں دے گا۔ وزیراعلیٰ نے چینی زبان کے کورس کیلئے چین جانے والے طلبا و طالبات کو لیپ ٹاپ بھی دیئے۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے برطانیہ کے محکمہ پبلک ہیلتھ کے چیف ایگزیکٹو آفیسرڈاکٹرڈنکین سلبی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں پنجاب میں عوام کو صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی خصوصاً انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی تنظیم نواور اصلاحات پر تبادلہ خیال ہوا۔ برطانیہ کے محکمہ پبلک ہیلتھ نے پنجاب کے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی تنظیم نو اور اصلاحات کیلئے پنجاب حکومت سے تعاون پر اتفاق کیا۔وزیر اعلی نے برطانوی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی ہمارا مشن ہے۔وبائی امراض کی روک تھام اور تدارک کیلئے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی ضرورت ہے اوراس ادارے کی تنظیم نو اوراس میں اصلاحات کے حوالے سے برطانیہ کے محکمہ پبلک ہیلتھ کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے شعبہ صحت کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ دیا ہے اور عوام کو سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی مفت فراہمی پر اربوں روپے صرف کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ماڈل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور اسی طرح انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کو بھی ماڈل ادارہ بنانا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ادارہ کی استعداد کار میں اضافے کے لئے برطانوی تعاون سے اسے جدید خطوط پر چلانا ہے ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر محکمہ پبلک ہیلتھ برطانیہ ڈاکٹرڈنکین سلبی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں بہتری لانے کے لئے ہر ممکن معاونت کریں گے۔ برطانوی وفد کے اراکین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف شعبہ صحت میں بہتری لانے کے لئے ایک ویژن کے تحت کام کررہے ہیں ۔شہبازشریف کے ویژن کو سلیوٹ کرتے ہیں ۔ہمیں خوشی ہے کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف حقیقی معنوں میں عوام کو معیاری صحت عامہ کی سہولتوں کیلئے انتھک محنت کررہے ہیں ۔مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر،چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، سیکرٹری سپیشلائزہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ،سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کےئر اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ نئی نسل روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ پاکستانی بچے صلاحیت میں کسی سے بھی کم نہیں ہیں اوریہی وجہ ہے کہ ہمارے طلبا و طالبات نے بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں اور ذہانت کا لوہا منوایا ہے ۔وہ آج یہاں ریاضی کے بین الاقوامی مقابلے میں گولڈمیڈل جیتنے والے گورنمنٹ ہائی سکول بھابھڑا،کوٹ مومن سرگودھا کے ساتویں جماعت کے طالب علم ابو حفظ سے ملاقات کررہے تھے۔ہونہار طالب علم کے والدین، بہن اورسکول کے پرنسپل بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ابو حفظ جیسے ہونہار باصلاحیت طالب علم پاکستان کا سرمایہ اور پہچان ہیں۔ابو حفظ نے اپنی اور اساتذہ کی محنت اوروالدین کی دعاؤ ں سے ریاضی کے بین الاقوامی مقابلے میں گولڈ میڈل جیت کر ملک و قوم کا سرفخر سے بلند کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ایسے ہونہار طلباء و طالبات کی صلاحیتوں کو اجاگرکرنے کے لئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اورایسے ہونہار طلبا وطالبات کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔ ابو حفظ جیسے طالب علموں کی حوصلہ افزائی پاکستان کے روشن مستقبل پر سود مند سرمایہ کاری ہے ۔وزیراعلیٰ نے سکول کے پرنسپل کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ طلباء کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اساتذہ کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور اساتذہ کا رتبہ بہت بلند ہے ۔اساتذہ قوم کے ہونہاروں کی معیاری تعلیم و تربیت اور کردارسازی کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔وزیراعلیٰ نے ابو حفظ کو 5لاکھ روپے کا چیک اور لیپ ٹاپ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب ابو حفظ کی مستقبل میں پاکستان یا بیرون ملک جہاں بھی وہ تعلیم حاصل کرنا چاہے، تمام اخراجات برداشت کرے گی۔وزیراعلیٰ نے بین الاقوامی مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے پر طالب علم ابوحفظ ،اس کے والدین،سکول کے پرنسپل اوربہن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ابو حفظ نے پاکستان کا نام روشن کیا ہے اور ایسے ذہین طالب علم ہمارا سرمایہ ہیں جن کے لئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ابوحفظ کی دسویں جماعت میں زیر تعلیم بہن عمامہ کو بھی لیپ ٹاپ جبکہ سکول کے پرنسپل کو ایک لاکھ روپے انعام دیا۔سیکرٹری سکولز ایجوکیشن بھی اس موقع پر موجود تھے ۔واضح رہے کہ ابوحفظ نے یونیورسٹی آف نیو ساؤتھ ویلز آسٹریلیا کے زیر اہتمام ریاضی کے بین الااقوامی مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔ابوحفظ کے والد سرکاری سکول میں ٹیچر ہیں۔