پیف کے منصوبوں سے تعلیمی پسماندگی کے خاتمے میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں،طارق محمود

لاہور(خبرنگار) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مفت تعلیم کے منصوبوں سے تعلیمی پسماندگی کے خاتمے میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ اس فاؤنڈیشن نے نجی شعبہ کے اشتراک سے دور دراز، پسماندہ اور دیہی علاقوں میں آباد لاکھوں ضرورت مند گھرانوں کی تعلیم تک مفت رسائی ممکن بنائی ہے, اس طرح تعلیم کا بنیادی حق ملنے سے پنجاب کا ہر بچہ اپنا مستقبل سنوار رہا ہے۔یہ بات ایم ڈی پیف طارق محمود نے آج یہاں اپنے دفتر میں برطانوی ادارہ برائے بین الاقوامی امداد کے 9رکنی وفد سے ملاقات میں کہی۔ وفد کی قیا دت سینئر ایجوکیشن ایڈوائزر باربرا پائین کر رہی تھیں۔اس موقع پر پیف کے مختلف پروگرام ڈائریکٹر ز بھی موجود تھے۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعلیمی منصوبوں کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے طارق محمود نے بتایا کہ ان منصوبوں سے منسلک 67فیصد سکول جنوبی پنجاب میں واقع ہیں ۔اسی طرح 19لاکھ طالب علموں میں سے 69فیصد بچوں کا تعلق جنوبی پنجاب کے اضلاع سے ہے۔ انہو ں نے کہا کہ ہم نے ضرورت مند بچوں کو تعلیم کے ذریعے آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے ہیں اور پیف کے منصوبوں سے ان بچوں کو نیا حوصلہ اور اعتماد ملا ہے۔ باربرا پائین نے اپنی گفتگو میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی تعلیمی کارکردگی کوسراہا۔ برطانو ی ادارہ برائے بین الاقوامی امداد کے نمائندے ڈاکٹر جاوید ملک نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سکولوں کے طالب علموں کی تعلیم میں بھرپور دلچسپی اور سماجی و معاشی مشکلات کے باوجود حصول علم کے عزم کو خراج تحسین پیش کر تے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقوں میں پیف کا تعلیمی کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پیف کے پارٹنر سکولوں کی بدولت ان افتادگانِ خاک کو نیا حوصلہ ملا ہے۔ اس موقع پر مختلف پروگرام ڈائریکٹر ز نے مفت تعلیم کے منصوبو ں اور تربیت اساتذہ کے ذریعے کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی کے اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔