اردوسائنس بورڈکی ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ،کتابوں کے مسودوں پر غور

لاہور(خبرنگار) اردوسائنس بورڈکی ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روزبورڈکے صدردفترمیں منعقدہوا۔اجلاس کی صدارت کمیٹی کے اعزازی چیئرمین /ڈائریکٹرسکول آف بیالوجیکل سائنسزپنجاب یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرعبدالروؤف شکوری نے کی۔اجلاس میں طلبہ ،اساتذہ اورعام افرادکی دلچسپی کی مختلف سائنسی اورتکنیکی کتابوں کے مسودوں پر غورکیاگیااوران میں سے پانچ نئی اورتیرہ کتابوں کی دوبارہ اشاعت کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں طے پایاکہ اردوسائنس بورڈ بین الاقوامی سطح پرحالیہ برسوں کے دوران انگریزی زبان میں شائع شدہ سب سے زیادہ فروخت ہونے والی پانچ سائنسی کتابوں کا اردومیں ترجمہ کرکے شائع کرے گاجس کا مقصدملک میں اردوزبان میں سائنسی علوم کو فروغ دیناہے۔ اجلاس میں اس تجویز پربھی غورکیاگیاکہ انٹرنیٹ اورموبائل فون کی بڑھتی ہوئی افادیت اورمقبولیت کے پیش نظربورڈکی کتابوں بالخصوص اردوسائنس انسائیکلوپیڈیاکو انٹرنیٹ پر اپ لوڈکیاجائے گا۔
اوراس کے لیے موبائل ایپلیکیشن بھی تیارکی جائے گی۔ اجلاس میں ڈاکٹررخسانہ کوثرچیئرپرسن سائیکالوجی ڈیپارٹمنٹ پنجاب یونیورسٹی،ڈاکٹرمحمد شریف نظامی چیف سائنٹیفک آفیسر(ریٹائرڈ) پی سی ایس آئی آرلیبارٹریزاورڈاکٹرراشدعلی اسسٹنٹ پروفیسر فزکس ڈیپارٹمنٹ پنجاب یونیورسٹی اورڈائریکٹراردوسائنس بورڈسید عاصم حسنین کے علاوہ بورڈکے افسران نے شرکت کی۔